اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران کی حکومت کے خاتمے کے بعد حزب اللہ بھی ختم ہوجائے گی اور لبنان میں امن قائم کرنے کی راہ ہموار ہوگی۔
الجزیرہ کے مطابق اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے یہ بات لبنان کی سرحد سے متصل اسرائیلی قصبوں کے سربراہوں سے ملاقات کے دوران کہی۔
اسرائیلی وزیراعظم کا مزید کہنا تھا کہ مشن کی تکمیل کے لیے ایران کی حکومت کا خاتمہ ضروری ہے کیونکہ ایران ہی خطے میں سرگرم مسلح گروہوں کا مرکزی سہارا ہے۔
نیتن یاہو نے کہا کہ ایرانی حکومت کے خاتمے سے ہی حزب اللہ کا زوال ہوجائے گا جن کے زیرِ زمین اور زمین کے اوپر موجود بڑے عسکری ڈھانچوں کو اسرائیلی فوج نے تباہ کردیا ہے۔
اسرائیلی وزیراعظم نے دعویٰ کیا کہ جب تک ایران کی موجودہ حکومت برقرار ہے خواہ اسے فوجی نقصان ہی کیوں نہ پہنچا ہو ایران دوبارہ جوہری ہتھیار بنانے اور اپنے اتحادی گروہوں کے نیٹ ورک کو بحال کرنے کی کوشش کرے گا۔
اسرائیلی وزیراعظم نے لبنان کے ساتھ امن قائم کرنے کی خواہش کا بھی اظہار کیا تاہم ساتھ ہی کہا کہ اس مقصد کے لیے ایران کی حکومت کا خاتمہ ضروری ہے۔
واضح رہے کہ اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے امریکی وزیر دفاع سے بھی خفیہ ملاقات کی ہے جس کی بعد میں تصدیق تو کی گئی لیکن اس کی تفصیلات فراہم نہیں کی گئیں۔