وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے میر رضا کیس کے جوڈیشل کمیشن کی سفارشات پر من و عن عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت دے دی۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق وزیراعلیٰ مراد علی شاہ سے کابینہ کی ذیلی کمیٹی برائے میر رضا کیس کے اراکین وزیر بلدیات سید ناصر شاہ، وزیر داخلہ ضیا الحسن لنجار، وزیر برائے محنت و افرادی قوت سعید غنی اور ایڈوکیٹ جنرل سندھ جواد ڈیرو نے ملاقات کی۔
کمیٹی نے اس سے قبل اجلاس میں جوڈیشل کمیشن کی سفارشات کا تفصیلی جائزہ لیا اور پھر اُس کے بعد وزیراعلیٰ سے ملاقات کی جس میں پہلے جائزہ اجلاس اور پیش رفت سے آگاہ کیا گیا۔
کمیٹی اراکین نے بریفنگ دی کہ جائزہ اجلاس میں جوڈیشل کمیشن کی رپورٹ پر ابتدائی سفارشات مرتب کی گئیں ہیں جنہیں وزیراعلیٰ سندھ کو پیش کر دیا گیا۔
وزیراعلیٰ نے ابتدائی جائزہ لینے کے بعد ذیلی کمیٹی کو تمام سفارشات پر من و عن عملدرآمد کی ہدایت کی۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز میر رضا علی کی موت کے تعین کیلیے بنائے گئے جوڈیشل کمیشن کی رپورٹ سامنے آئی تھی جس میں تفتیش کے دوران پولیس کی سنگین غفلت، کئی افسران کے خلاف کارروائی سمیت دیگر اہم سفارشات کی ہدایت کی گئی تھی۔
کمیشن نے اپنی رپورٹ میں موت کے خودکشی کے تاثر کو میڈیکل بورڈ کی روشنی میں پیچھے سے لگنے والی گولی اور زخم قرار دیا جبکہ پولیس کو سفارش کی گئی تھی کہ اُن کی کارکردگی کی وجہ سے عوام کے اعتماد کو ٹھیس پہنچی ہے۔