کراچی:
شہر قائد میں راشد منہاس روڈ پر سینٹرم شاپنگ مال کے قریب شہری سے پرس چھین کر فرار ہونے والے دو مبینہ ڈاکوؤں کو کار سوار نے تعاقب کے بعد ٹکر مار کر گرا دیا جس کے بعد موقع پر موجود شہریوں نے بھی دونوں کو تشدد کا نشانہ بنایا اور پولیس کے حوالے کردیا۔
پولیس کے مطابق دو مسلح ملزمان نے سینٹرم شاپنگ مال کے قریب ایک شہری سے پرس چھینا اور موٹرسائیکل پر فرار ہونے لگے۔
https://img.express.pk/media/videos/WhatsApp%20Video%202026-10-21%20at%204-28-04%20AM.mp4
متاثرہ شہری نے ان کا پیچھا کیا اور یو بی ایل کمپلیکس کے قریب اپنی کار مبینہ ڈاکوؤں کی موٹرسائیکل سے ٹکرا دی جس کے نتیجے میں دونوں سڑک پر گر کر زخمی ہوگئے۔
واقعے کے بعد اطراف میں موجود افراد نے بھی دونوں ملزمان کو تشدد کا نشانہ بنایا اور پولیس کے حوالے کردیا۔ پولیس کے مطابق دونوں ملزمان زندہ ہیں اور انہیں تھانے منتقل کردیا گیا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان کے قبضے سے اسلحہ، شہری سے چھینا گیا پرس اور دیگر سامان برآمد کرلیا گیا ہے۔
پولیس حکام کے مطابق واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں، جبکہ کار سوار شہری، عینی شاہدین کے بیانات اور سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے واقعے کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔