کراچی: پولیس مقابلے کے بعد رکشہ گینگ کے انتہائی مطلوب 3 ملزمان گرفتار

ملزمان سے غیر قانونی اسلحہ، موبائل فونز، نقدی اور وارداتوں میں استعمال ہونے والا رکشہ برآمد


ویب ڈیسک October 21, 2026

کراچی:

ایسٹ پولیس نے بلوچ پل کے قریب مبینہ پولیس مقابلے کے بعد گوپانگ رکشہ گینگ کے تین ملزمان کو گرفتار کرلیا، جن میں ایک ملزم زخمی حالت میں پکڑا گیا۔

پولیس کے مطابق رات گئے ٹیپو سلطان پولیس اور شاہین فورس نے بلوچ پل کے قریب رکشے میں سوار مشکوک افراد کو رکنے کا اشارہ کیا تو ملزمان نے فائرنگ کردی۔ دو طرفہ فائرنگ کے بعد ایک ملزم زخمی حالت میں جبکہ دو دیگر ملزمان کو بغیر زخمی ہوئے گرفتار کرلیا گیا۔

گرفتار ملزمان کی شناخت غلام شبیر، تنویر اور رکشہ ڈرائیور سمیر ضمیر کے نام سے ہوئی ہے۔ پولیس کے مطابق ملزمان کا تعلق گوپانگ گینگ سے ہے اور وہ کراچی پولیس کو متعدد وارداتوں میں مطلوب تھے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان شہر میں اسٹریٹ کرائم اور موبائل فون چھیننے کی درجنوں وارداتوں میں ملوث تھے۔ انہوں نے حالیہ دنوں میں گلستانِ جوہر، مبینہ ٹاؤن، بہادرآباد اور ملحقہ علاقوں میں بھی وارداتیں کی تھیں۔

پولیس کے مطابق ملزمان مسافروں کو رکشے میں بٹھا کر لوٹتے اور بعد ازاں انہیں سنسان علاقے میں چھوڑ کر فرار ہوجاتے تھے۔ ملزمان شاہ لطیف ٹاؤن سے گرفتار افراد اور سیکڑوں موبائل فونز کی برآمدگی کے مقدمے میں بھی مطلوب تھے۔

گرفتار ملزمان کے قبضے سے تین غیر قانونی پستول، گولیاں، متعدد موبائل فونز اور نقدی برآمد ہوئی ہے، جبکہ وارداتوں میں استعمال ہونے والا رکشہ بھی تحویل میں لے لیا گیا۔

پولیس کے مطابق زخمی ملزم کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا، جبکہ دیگر ملزمان کو تھانے منتقل کیا گیا ہے۔ واقعے کے مقدمات درج کرکے مزید تفتیش شروع کردی گئی ہے۔