کراچی کے علاقے ڈیفنس موڑ مین کورنگی روڈ پر ٹریلر نے رکشا روند ڈالا جس کے نتیجے میں 2 افراد شدید زخمی ہوگئے جبکہ حادثے کے بعد مشتعل افراد نے پتھراؤ کر کے ٹریلر کا ونڈ اسکرین توڑ دیا۔
ریسکیو حکام کے مطابق ڈیفنس موڑ مین کورنگی روڈ پرکنٹینر سے لدے ہوئے ٹریلر نے رکشے کو روند ڈالا جس کے نتیجے میں 2 افراد شدید زخمی ہو کر اس میں پھنس گئے۔
ترجمان ریسکیو 1122 کے مطابق حادثے کی اطلاع ملتے ہی اربن سرچ اینڈ ریسکیو ٹیم ڈیزاسٹر رسپانس وہیکل کے ہمراہ موقع پر پہنچ گئی اور سخت جدوجہد کے بعد رکشے میں پھنسے ہوئے دونوں شدید زخمی افراد کو نکال کر فوری طبی امداد کے لیے جناح اسپتال منتقل کر دیا۔
چھیپا حکام نے بتایا کہ حادثے میں شدید زخمیوں کی شناخت 45 سالہ عبداللطیف اور 24 سالہ روہت کے نام سے کی گئی۔
ایس ایچ او ڈیفنس زبیر نواز نے بتایا کہ حادثے کی اطلاع ملتے ہی پولیس نے موقع پر پہنچ ڈرائیور کو حراست میں لے کر ٹریلر کو اپنے قبضے میں لے کر تھانے منتقل کر دیا اور اس حوالے سے مزید تفتیش کا عمل جاری ہے۔
حادثے کے باعث مین کورنگی روڈ دونوں ٹریک، قیوم آباد چورنگی اور کے پی ٹی انٹر چینج سمیت ملحقہ سڑکوں پر بدترین ٹریفک جام ہونے سے شہریوں کی بڑی تعداد بری طرح سے رل گئی اور اس دوران گاڑیوں کی طویل قطاریں لگ گئیں جس کی وجہ عام شہریوں کو شدید مشکلات اور دقت کا سامنا کرنا پڑگیا۔