گلگت بلتستان کے وزیراعلیٰ امجد حسین نے کہا ہے کہ دیامر بھاشا ڈیم کی سیکیورٹی اور دیامر کے عوام کے لیے سیف سٹی منصوبہ اہمیت کا حامل ہے۔
اے پی پی کی رپورٹ کے مطابق دیامر بھاشا ڈیم کے سی بی ایمز کے تحت چلاس سیف سٹی پروجیکٹ کی تعمیر کے حوالے سے اجلاس کے موقع پر وزیراعلیٰ گلگت بلتستان امجد حسین نے کہا کہ 7 ارب روپے کی خطیر رقم کا یہ منصوبہ سیکیورٹی اور دیامر کے عوام کے لیے انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔
انہوں نے کہا کہ مستقبل کے درپیش چیلنجز اور زمینی حقائق کو مدنظر رکھتے ہوئے واپڈا اور اس پر عمل درآمد کرانے والا ادارہ صوبائی حکومت اور متعلقہ اداروں کے ساتھ کوآرڈنیشن یقینی بنائیں۔
گلگت بلتستان حکومت کے متعلقہ اداروں کے مشاورت کے بغیر اس منصوبے کی معیار اور رفتار سمیت اس منصوبے کی تنصیب کے حوالے سے مقاصد کے حصول نامکمل رہیں گے۔
وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان نے واپڈا کے ڈائریکٹر کنٹریکٹ سمیت عمل درآمد کرانے والے ادارے کو ہدایت کی ہے کہ پہلے مرحلے میں سیف سٹی چلاس کی تنصیب اور حکمت عملی کے حوالے سے صوبائی سیکریٹری داخلہ، آئی جی گلگت بلتستان اور متعلقہ ٹیم کو بریفنگ د ی جائے تاکہ اس اہم منصوبے کی افادیت کو مدنظر رکھتے ہوئے بہتر نتائج، معیار اور رفتار یقینی بنائی جاسکے۔
انہوں نے ہدایت کی ہے کہ مذکورہ منصوبے پر عمل درآمد کے حوالے سے آر آئی سی فورم کی مشاورت کو بھی یقینی بنایا جائے۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ دیامر بھاشا ڈیم کے سی بی ایمز کے تحت میگا منصوبوں کی پلاننگ اور عمل درآمد میں صوبائی حکومت کے ساتھ مکمل کوآرڈنیشن یقینی بنائی جائے تاکہ ان منصوبوں کے ثمرات سے عوام مستفید ہوسکیں۔
اجلاس میں صوبائی سیکریٹری داخلہ، وزیراعلیٰ کے سیکریٹری، ڈی آئی جی گلگت رینج اور ویڈیو لنک کے ذریعے کمشنر دیامر-استور ریجن، ڈائریکٹر کنٹریکٹ واپڈا، ڈائریکٹر سیکیورٹی واپڈا، کمانڈر ٹاسک فورس گلگت بلتستان اسکاؤٹس، سی ای سی بی ایمز اور ڈپٹی کمشنر دیامر نے شرکت کی۔