شمالی افغانستان میں معدنی وسائل پرکنٹرول تنازعات کا سبب

افغانستان میں لیتھیم، نایاب ارضی عناصر، تانبا، کوبالٹوسمیت 30 سے زائد معدنیات موجود


خالد محمود October 22, 2026

اسلام آباد:

شمالی افغانستان میں معدنی وسائل پر کنٹرول،آمدنی کی تقسیم اور مقامی حقوق سے متعلق تنازعات بدامنی اور تشدد کو ہوا دے رہے ہیں،جبکہ کان کنی کے شعبے میں شفافیت اور مالی نگرانی کا فقدان بھی سنگین مسائل کو جنم دے رہا ہے۔

پاک ایشیا یوتھ فورم کی رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ کان کنی کے وسائل پر کنٹرول کے لیے طالبان کے مختلف دھڑوں کے درمیان اقتدار کی کشمکش شمالی افغانستان میں جاری بدامنی کی اہم وجوہات میں شامل ہے۔

رپورٹ ’’سونا، طاقت اور شکایات: افغانستان کا کان کنی کا شعبہ اور بدامنی‘‘ کے مطابق افغانستان میں لیتھیم، نایاب ارضی عناصر، تانبا اور کوبالٹ سمیت 30 سے زائد اہم معدنیات کے ذخائر موجود ہیں، تاہم طالبان کے دور حکومت میں کان کنی کا شعبہ محدود قانونی نگرانی اور شفافیت کے فقدان کا شکار ہے۔