کراچی:
گلشن اقبال میں کمسن بہن بھائی کو کار سوار شخص کی اغوا کرنے کی کوشش کی گئی جس کی فوٹیج بھی سامنے آگئی، پولیس نے واقعے کامقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی۔
ایکسپریس کے مطابق گلشن اقبال تھانے کے علاقے گلشن اقبال بلاک 7میں کمسن بہن بھائی کو کار سوار نامعلوم ملزمان کی جانب سے اغوا کرنے کی کوشش کی گئی۔ واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آگئی جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ٹیوشن سے واپس گھر جانے والے بچوں کے قریب ایک سیاہ رنگ کی مشتبہ گاڑی آکر رکی، گاڑی سے اتر کر ایک مشتبہ شخص تیزی سے بچوں کی جانب دوڑا۔
ویڈیو میں مشتبہ شخص کو بچوں کے قریب جانے کی کوشش کرتا دیکھا جا سکتا ہے، بچوں نے مشتبہ شخص کو اپنے جانب آتے دیکھ کر شور مچا کر بھاگ کر خود کو محفوظ کیا جس پر وہ شخص واپس بھاگ کر گاڑی میں سوار ہوا اور فرار ہوگیا۔
واقعے کے بعد متاثرہ بچوں کے والد کی جانب سے گلشنِ اقبال تھانے میں درخواست جمع کرا دی گئی، پولیس نے واقعے کا مقدمہ نامعلوم گاڑی میں سوار ملزمان کے خلاف درج کرلیا۔
https://img.express.pk/media/videos/WhatsApp%20Video%202026-10-22%20at%203-38-43%20PM.mp4
ایس ایچ او گلشن اقبال سعود احمد کے مطابق واقعہ 2 روز قبل 20 اکتوبر کو پیش آیا، کمسن بچوں کے والد نے بدھ کو پولیس سے رابطہ کیا جس پر پولیس نے والد کی مدعیت میں مقدمہ درج کرلیا، بچوں کی عمریں 7 سے 9 سال کے درمیان ہیں اور بچوں کا والد گلشن اقبال بلاک7 میں واقع جامعہ مسجد الہدیٰ مدرسے کا چوکیدار ہے، بچوں نے مشتبہ شخص کو دیکھ کر شور مچایا تو وہاں کھڑے نمازیوں کو دیکھ کر مشتبہ شخص بھاگ گیا۔
https://img.express.pk/media/videos/WhatsApp%20Video%202026-10-22%20at%203-43-14%20PM.mp4
ایس ایچ او نے بتایا کہ پولیس نے مدرسے کے چوکی دار اور بچوں سے بات چیت کی ہے ان کا کہنا ہے کہ ان کی کسی سے کوئی دشمنی نہیں ہے، نہ کسی سے کوئی رنجشں ہے، پولیس نے مقدمے کے اندراج کے بعد سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے ملزمان کی تلاش شروع کردی۔