ایران کے پاسدارانِ انقلاب نے امریکا کو آبنائے ہرمز میں ایرانی قواعد و ضوابط اور پابندیوں کی خلاف ورزی پر خبردار کرتے ہوئے سنگین نتائج بھگتنے کی دھمکی دی ہے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق پاسدارانِ انقلاب نے اپنے سرکاری ویب سائٹ پر جاری بیان میں کہا کہ اگر امریکی فوج نے آبنائے ہرمز سے گزرنے والے جہازوں کو حفاظتی حصار فراہم کرنے کا سلسلہ جاری رکھا تو مشرقِ وسطیٰ میں امریکی فوجی اڈوں کو نشانہ بنایا جائے گا۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ امریکی فوج کو سمجھ لینا چاہیے اگر آبنائے ہرمز میں جہازوں کو غیرقانونی سیکیورٹی فراہم کرنے کا سلسلہ جاری رکھا تو خطے میں امریکی فوجوں اڈّوں کو نشانہ بنائیں گے۔
پاسدارانِ انقلاب نے دعویٰ کیا کہ اس کی بحریہ نے خلیج میں تیل کی منتقلی میں مصروف چار جہازوں کو بیک وقت نشانہ بنایا جس سے جہازوں میں آگ بھڑک اٹھی تھی۔
ایرانی حکام کے مطابق مزید تین جہاز آبنائے ہرمز کے مغرب میں بحری بارودی سرنگوں سے ٹکرا کر متاثر ہوئے تاہم ان دعوؤں کی آزادانہ تصدیق نہیں ہوسکی۔
واضح رہے کہ آبنائے ہرمز عالمی توانائی کی ترسیل کے اہم ترین راستوں میں شامل ہے اور جنگ سے قبل دنیا کی تقریباً پانچویں حصے کی تیل کی رسد اسی راستے سے گزرتی تھی جسے ایران نے امریکا اور اسرائیل کے حملوں کے جواب میں مارچ سے بند کررکھا ہے۔