کراچی کے علاقے تیموریہ، شاہ فیصل کالونی، نارتھ کراچی اور کورنگی میں مبینہ طور پر پولیس سے فائرنگ کے تبادلے میں 8 ڈاکو ہلاک ہوگئے جبکہ فائرنگ کے دوران ایک پولیس اہلکار زخمی ہوگیا۔
پولیس نے بتایا کہ جمعرات کو پولیس مقابلوں میں ہلاک ڈاکوؤں کی مجموعی تعداد 8 ہوگئی جن میں سے شاہین فورس سے مقابلے میں مارے جانے والے 6 ڈاکو شامل ہیں۔
اس حوالے سے بتایا گیا کہ 3 ڈاکو ضلع کورنگی، 2 ڈاکو ضلع وسطی، 2 نارتھ کراچی اور ملیر سٹی پولیس کے ہاتھوں زخمی حالت میں گرفتار 2 ڈاکوؤں میں سے ایک ڈاکو دوران علاج ہلاک ہوا
پولیس کے مطابق تیموریہ پولیس کی شاہین فورس کے جوانوں نے سخی حسن چورنگی سے بفرزون ڈی سی سینٹرل جانے والے روڈ پر مبینہ فائرنگ کے تبادلے میں 2 ڈاکوؤں کو ہلاک کر دیا۔
ایس ایچ او تیموریہ ثاقب خان نے بتایا کہ گشت پر مامور شاہین فورس کے جوانوں نے مشتبہ موٹر سائیکل سواروں کو رکنے کا اشارہ کیا تو ڈاکوؤں نے فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہونے کی کوشش کی تاہم شاہین فورس کے جوانوں نے ڈاکوؤں کا تعاقب کیا اور جوابی فائرنگ میں دو ڈاکوؤں ہلاک ہوگئے۔
انہوں نے بتایا کہ ہلاک ڈاکوؤں کے قبضے سے 2 پستول اور موٹر سائیکل برآمد ہوئی ہے اور پولیس نے مارے جانے والے ڈاکوؤں کی لاشیں ضابطے کی کارروائی کے لیے عباسی شہید اسپتال منتقل کر دیا ہے۔
ایس ایچ او تیموریہ کا کہنا تھا کہ فوری طور پر ڈاکوؤں کی شناخت نہیں ہوسکی اور اس حوالے سے پولیس تلاش ایپ کی مدد سے ان کی شناخت کے حوالے سے کوششیں کر رہی ہے۔
ادھر شاہ فیصل کالونی پولیس نے عظیم پورہ پل کے قریب مبینہ فائرنگ کے تبادلے کے دوران ایک ڈاکو کو ہلاک کر دیا جبکہ اس کا ساتھی موقع سے فرار ہوگیا تاہم پولیس اہلکار یاسین پاؤں پر گولی لگنے سے زخمی ہوگیا۔
پولیس نے مارے جانے والے ڈاکو کے قبضے سے اسلحہ اور موٹر سائیکل برآمد کرلی اور لاش ضابطے کی کارروائی کے لیے جناح اسپتال منتقل کر دی ہے جبکہ زخمی پولیس اہلکار کو طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے جس کی حالت خطرے سے بابر بتائی جارہی ہے۔
واضح رہے کہ جمعرات کو پولیس کی جانب سے شہر میں مبینہ مقابلوں کے دوران مجموعی طور پر 6 ڈاکو مارے گئے، جس میں 3 ڈاکو ڈسٹرکٹ کورنگی، 2 ڈاکو ڈسٹرکٹ سینٹرل میں مارے گئے جبکہ ملیر سٹی پولیس کے ہاتھوں زخمی حالت میں گرفتار 2 ڈاکوؤں میں سے ایک ڈاکو دوران علاج ہلاک ہوا جس کی شناخت تنویر کے نام سے ہوئی۔
وزیر داخلہ سندھ ضیاالحسن لنجار اور کراچی پولیس چیف آزاد خان نے علاقہ پولیس اور شاہین فورس کے جوانوں سے مقابلے میں مارے گئے 6 ڈاکوؤں کی ہلاکت پر پولیس کی بروقت کارکردگی کو سراہتے ہوئے پولیس پارٹی کو شاباش دی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ شہریوں کی جان و مال کا تحفظ اولین ترجیحات میں شامل ہے، جس سے ہرممکن طور پر یقینی بنایا جائے گا۔
ایس ایچ او خواجہ اجمیر نگری فرخ ہاشمی نے بتایا کہ نارتھ کراچی سیکٹر فائیو بی تھری الحمید اسکول کے قریب گشت پر مامور شاہین فورس کے جوانوں کو عوام نے بتایا کہ ڈاکو لوٹ مار کر کے فرار ہوگئے ہیں جس پر شاہین فورس کے جوانوں نے ڈاکوؤں کا تعاقب کیا اور پولیس کو آتا دیکھ کر انہوں نے فائرنگ کر دی۔
انہوں نے بتایا کہ پولیس کے جوانوں نے دو طرفہ فائرنگ کے تبادلے میں 2 ڈاکوؤں کو ہلاک کر دیا، ڈاکوؤں کے قبضے سے 2 پستول، 4 موبائل فونز، پرس اور موٹر سائیکل برآمد ہوئی ہے۔
ایس ایچ او فرخ ہاشمی نے کہا کہ پولیس نے ہلاک ڈاکوؤں کی لاشوں کو ضابطے کی کارروائی کے لیے عباسی شہید اسپتال منتقل کر دیا جبکہ مارے جانے والے ڈاکوؤں کی شناخت نہیں ہو سکی اور اس حوالے سے پولیس کوششیں کر رہی ہے۔