یمنی قبائل کو نشانہ بنانے کی دھمکی؟ سعودی اتحاد نے حوثیوں کا دعویٰ مسترد کردیا

حوثیوں کے الزامات عوامی رائے کو گمراہ کرنے اور یمنی قبائل کو اپنے تنازعات میں گھسیٹنے کی کوشش ہیں، ترکی المالکی


ویب ڈیسک October 23, 2026

سعودی قیادت میں قائم اتحادی افواج نے حوثی ملیشیا کے اس دعوے کو بے بنیاد اور غلط قرار دیا ہے کہ سعودی عرب نے یمن میں قبائلی اجتماعات اور شہریوں کے اجتماع کو نشانہ بنانے کی دھمکی دی ہے۔

اتحادی افواج کے ترجمان میجر جنرل ترکی المالکی نے کہا کہ حوثیوں کے یہ الزامات عوامی رائے کو گمراہ کرنے، اپنی مشکلات سے توجہ ہٹانے اور یمنی قبائل کو اپنے تنازعات میں گھسیٹنے کی کوشش ہیں۔

ترکی المالکی کے مطابق یمنی قبائل یمن کے سماجی اور تاریخی ڈھانچے کا اہم حصہ ہیں اور سعودی و یمنی عوام کے درمیان بھائی چارے اور رابطے کا ذریعہ ہیں۔

انہوں نے یمن کی سلامتی اور استحکام کے لیے سعودی عرب کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ یمنی قبائل کو ایسے تنازعات میں استعمال ہونے سے بچانا ضروری ہے جو یمنی عوام کی امن، ترقی اور سلامتی کی خواہشات سے مطابقت نہیں رکھتے۔

یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب سعودی قیادت میں قائم اتحادی افواج حوثی ملیشیا کی جانب سے ریاض اور جنوبی سعودی عرب کی طرف داغے گئے میزائلوں اور ڈرونز کو روکنے کی اطلاعات دے چکی ہیں۔