رمضان المبارک میں پھلوں کی سرکاری ریٹ پر دستیابی، وزیراعلیٰ پنجاب کا ابھی سے اقدامات کا حکم

تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز رمضان المبارک میں کیلے، سیب اور کھجور کی قیمتوں کا کنٹرول لازمی یقینی بنائیں


ویب ڈیسک October 23, 2026

وزیراعلیٰ پنجاب نے تمام اضلاع کی انتظامیہ کو رمضان المبارک سے متعلق ابھی سے تیاریوں اور پھلوں کی قیمتیں سرکاری قیمتوں پر یقینی بنانے کیلیے اقدامات کی ہدایت کردی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیر صدارت اجلاس میں آٹے کی فراہمی، اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں استحکام اور گندم کی کاشت کے حوالے سے اہم فیصلے کیے گئے۔

وزیراعلیٰ نے تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز کو رمضان المبارک میں کیلے، سیب اور کھجور کی کنٹرول نرخوں پر دستیابی یقینی بنانے کی ہدایت کی۔

انہوں نے ہر ضلع میں ضرورت کے مطابق کولڈ اسٹوریج میں پھلوں کی ذخیرہ اندوزی کے بجائے مناسب ذخیرہ کرنے کا انتظام یقینی بنانے کا حکم دیا۔

اس کے علاوہ اجلاس میں پنجاب حکومت نے صوبے میں آٹے کی فراہمی کو یقینی بنانے کیلیے 20 کلو آٹے کے تھیلے کی فروخت پر پابندی اور صرف 10 کلو آٹے کے تھیلے کی فروخت کی اجازت کا فیصلہ کیا۔

اجلاس میں صوبے بھر کے کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔ 

اجلاس میں سبزیوں، دالوں اور دیگر اجناس سمیت 15 اشیائے خوردونوش کی قیمتوں کا تقابلی جائزہ پیش کیا گیا۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ 10 اشیاء کی قیمتوں میں مسلسل کمی کا رجحان ہے جبکہ بیشتر اشیائے خوردونوش اور دالوں کے نرخ مستحکم ہیں۔

وزیراعلیٰ نے قیمتوں کی مؤثر نگرانی اور استحکام کے لیے پرائس ایپ کو بھی اپ گریڈ کرنے کی ہدایت کی۔

زیراعلیٰ نے تمام ڈپٹی کمشنرز کو اپنے اضلاع میں گندم کی بوائی کا مقررہ ہدف پورا کرنے اور سرکاری اراضی پر گندم کی کاشت یقینی بنانے کا حکم دیا۔ نمبردار، گھوڑی پال سکیم اور اپنا کھیت، اپنا روزگار سکیم کے تحت مختص تمام اراضی پر بھی گندم کاشت کی جائے گی۔

وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے رمضان المبارک میں کیلے، سیب اور کھجور کی کنٹرول نرخوں پر دستیابی یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے ہر ضلع میں ضرورت کے مطابق کولڈ اسٹوریج میں ان پھلوں کی ذخیرہ اندوزی کے بجائے مناسب ذخیرہ کرنے کا انتظام یقینی بنانے کا حکم دیا۔

اجلاس میں پنجاب میں پہلی مرتبہ ٹرانسفارمنگ مارکیٹ ویسٹ ان ٹو ویلتھ منصوبہ متعارف کرانے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔ پامرا کے تحت آف سیزن سبزیوں اور پھلوں کی دستیابی کے لیے ڈی ہائیڈریشن پراجیکٹ کی منظوری دے دی گئی، جبکہ کاہنہ میں پنجاب کے پہلے منڈی مارٹ پراجیکٹ کی جلد تکمیل کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔

وزیراعلیٰ نے صوبے بھر میں منڈی مارٹس کے قیام کے لیے بھی اقدامات کی ہدایت کی۔وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کھلے دودھ کی حفظان صحت کے اصولوں کے مطابق فروخت کو ریگولیٹ کرنے کے لیے مؤثر اقدامات کا حکم بھی دیا۔