لاہور:
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے صوبے بھر میں 20 کلو آٹے کا تھیلا بند کرکے مارکیٹ میں صرف 10 کلو آٹے کا بیگ فروخت کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی زیر صدارت خصوصی ویڈیو لنک اجلاس ہوا، جس میں کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز نے شرکت کی۔ اجلاس میں اشیائے خورونوش کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ، گندم کی کاشت، ذخیرہ اندوزی کی روک تھام اور رمضان المبارک میں ضروری اشیا کی مناسب نرخوں پر دستیابی کے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں وزیراعلیٰ کو سبزیوں، دالوں اور دیگر اجناس سمیت 15 اشیائے خورونوش کی قیمتوں کا تقابلی جائزہ پیش کیا گیا۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ 10 اشیا کی قیمتوں میں مسلسل کمی کا رجحان ہے، بعض اشیا کے نرخوں میں 252 فیصد تک کمی ریکارڈ کی گئی، جبکہ بیشتر اشیائے خورونوش اور دالوں کی قیمتیں مستحکم ہیں۔
مریم نواز نے آٹے اور گندم کی اسمگلنگ روکنے کے لیے بین الصوبائی سرحدوں کی کڑی نگرانی اور تمام اضلاع میں گندم کی بوائی کا ہدف پورا کرنے کی ہدایت کر دی۔
وزیراعلیٰ نے تمام ڈپٹی کمشنرز کو اپنے اپنے اضلاع میں گندم کی بوائی کا مقررہ ہدف پورا کرنے اور سرکاری اراضی پر گندم کی کاشت یقینی بنانے کا حکم دیا۔ انہوں نے فیصلہ کیا کہ نمبردار، گھوڑی پال اسکیم اور اپنا کھیت، اپنا روزگار اسکیم کے تحت مختص تمام اراضی پر گندم ہی کاشت کی جائے گی۔
مریم نواز شریف نے رمضان المبارک میں کیلے، سیب اور کھجور کی کنٹرول نرخوں پر دستیابی یقینی بنانے کے لیے بھی اقدامات کی ہدایت کی۔ اس مقصد کے لیے ہر ڈپٹی کمشنر اپنے علاقے کے کولڈ اسٹوریج میں ان پھلوں کی ضرورت کے مطابق ذخیرہ اندوزی اور دستیابی کا انتظام یقینی بنائے گا۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ اشیائے خورونوش کی قیمتوں کی نگرانی اور استحکام کے لیے قیمت ایپ کو اِپ گریڈ کیا جائے گا۔ پنجاب میں پہلی مرتبہ ’’ٹرانسفارمنگ مارکیٹ ویسٹ انٹو ویلتھ‘‘ متعارف کرانے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے، جبکہ پامرا کے تحت آف سیزن سبزیوں اور پھلوں کی دستیابی کے لیے ڈی ہائیڈریشن منصوبے کی منظوری دے دی گئی۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ کاہنہ میں سبزیوں اور پھلوں کے لیے پنجاب کا پہلا منڈی مارٹ منصوبہ شروع کردیا گیا ہے، جسے جلد مکمل کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے صوبے بھر میں منڈی مارٹس قائم کرنے کے لیے اقدامات کی ہدایت بھی کی۔
مریم نواز شریف نے کھلے دودھ کی حفظان صحت کے اصولوں کے مطابق فروخت کو یقینی بنانے کے لیے مؤثر ضابطہ کاری اور اقدامات کا حکم دیا۔