لاہور: جعلی پرائز بانڈ سے 15 لاکھ روپے کا انعام لینے کی کوشش، ملزم گرفتار

بینک عملے کی جانب سے بانڈ کی تصدیق کی گئی تو اس کا سیریل نمبر غلط نکلا جس پر پولیس کو اطلاع دی گئی


ویب ڈیسک October 24, 2026

لاہور:

لاہور کے علاقے لاری اڈہ میں پولیس نے ٹیمپرڈ نمبر والا پرائز بانڈ پیش کرکے انعامی رقم حاصل کرنے کی کوشش کرنے والے نوسرباز کو گرفتار کرلیا۔

پولیس کے مطابق ملزم صوبے خان نجی بینک پہنچا اور 750 روپے مالیت کے پرائز بانڈ پر انعام کا دعویٰ کرتے ہوئے رقم دینے کا مطالبہ کیا۔ بینک عملے کی جانب سے بانڈ کی تصدیق کی گئی تو اس کا سیریل نمبر غلط نکلا جس پر پولیس کو اطلاع دی گئی۔

اطلاع ملنے پر لاری اڈہ پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کرلیا۔ پولیس کے مطابق ملزم دھوکہ دہی اور فراڈ کی وارداتوں میں پہلے سے ریکارڈ یافتہ ہے۔

ایس پی سٹی ارشد حیات کانجو کے مطابق ملزم کے خلاف مقدمہ درج کرکے تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔ انہوں نے بروقت کارروائی پر ایس ایچ او لاری اڈہ اور ان کی ٹیم کو شاباش بھی دی۔