لاہور:
پنجاب حکومت نے صوبے بھر کی جیلوں میں قید اسیران اور ان کے اہلِ خانہ کے لیے مالی سہولیات میں اضافے کا فیصلہ کرلیا۔
محکمہ جیل خانہ جات پنجاب اور بینک آف پنجاب کے اشتراک سے قیدیوں کے اکاؤنٹس میں رقم جمع کروانے کی حد 10 ہزار روپے سے بڑھا کر 25 ہزار روپے کردی گئی ہے۔
نئی سہولت کے تحت قیدیوں کے اہلِ خانہ اور عزیز و اقارب اب گھر بیٹھے ان لائن اور دیگر دستیاب بینکنگ ایپس کے ذریعے رقم منتقل کرسکیں گے۔
اس اقدام سے اہلِ خانہ کو بار بار بینک جانے کی ضرورت کم ہوگی، جبکہ جیلوں میں قید افراد تک مالی معاونت کی فراہمی بھی آسان بنائی جاسکے گی۔
محکمہ جیل خانہ جات کے مطابق یہ اقدام وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن، سیکرٹری داخلہ پنجاب ڈاکٹر احمد جاوید قاضی کی ہدایات اور آئی جی جیل خانہ جات میاں سلیق جلال کی نگرانی میں اٹھایا گیا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ صوبے کی جیلوں میں اسیران کی فلاح و بہبود، بنیادی حقوق کے تحفظ اور ان کے اہلِ خانہ کو مزید سہولیات فراہم کرنے کے لیے اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔