حنا جاوید کیس سے متعلق مریم نواز کا اہم بیان، جنسی زیادتی کیس میں 2 کروڑ کی پیشکش کا بھی انکشاف

زیادتی کے مقدمے میں ملزم کے امیر خاندان نے خاتون کو الزامات واپس لینے کے بدلے میں ڈیڑھ سے 2 کروڑ روپے کی پیشکش کی


ویب ڈیسک October 24, 2026

حنا جاوید ہائی پروفائل قتل کیس سے متعلق وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا اہم بیان سامنے آگیا۔

یہ ردعمل وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے سینئر صحافی مبشر زیدی کی توجہ دلانے والی ٹویٹ پر دیا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری اپنے ایک بیان میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز  نے کہا کہ حنا جاوید قتل کیس پر گہری نظر رکھے ہوئے ہوں، ڈی این اے اور پولی گراف ٹیسٹ کے نتائج قتل اور زیادتی میں گھریلو ملازم کے ملوث ہونے کی نشاندہی کرتے ہیں۔

مریم نواز نے کہا کہ حنا جاوید قتل اور زیادتی کیس کی تحقیقات تاحال جاری ہیں۔

اس کے علاوہ اپنے ایک بیان میں وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا  کہ زیادتی کے ایک حالیہ مقدمے میں یہ انکشاف ہوا ہے کہ ملزم کے امیر خاندان نے مبینہ طور پر متاثرہ خاتون کو اپنے الزامات واپس لینے کے بدلے میں ڈیڑھ سے دو کروڑ روپے کی پیشکش کی ہے حالانکہ دفعہ 164 کے تحت متاثرہ خاتون کا بیان پہلے ہی قلمبند کیا جا چکا تھا۔ 

مریم نواز نے کہا کہ یہ بھی کہا جارہا ہے کہ جس جج نے زیادتی کے کیس میں ملزم کی ضمانت منظور کی ہے اسے بھی رشوت دی گئی تھی۔

 وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ اگر یہ الزامات درست ہیں تو اس سے نظامِ انصاف کی دیانت داری پر سنگین سوالات اٹھتے ہیں، یہ سوال بھی اٹھتا ہے کہ زیادتی کا شکار ہونے والی خواتین مالی دباؤ اور طاقت کے غلط استعمال کے سامنے کس قدر غیر محفوظ ہیں۔ 

وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ وہ ایسے مقدمات پر گہری نظر رکھیں گی تاکہ یقینی بناسکیں کہ زیادتی کرنے والا کوئی بھی مجرم پیسے، اثرو رسوخ اور تعلقات کے بل بوتے پر گرفت سے بچ نہ سکے۔

انہوں نے کہا کہ  انصاف کبھی بکنے کی چیز نہیں ہونا چاہیے، اور کوئی بھی شخص قانون سے بالاتر نہیں ہونا چاہیے۔