عمرہ ویزے کی آڑ میں مبینہ غیر قانونی مائگریشن کی کوششیں بے نقاب، 5 مسافر گرفتار

ابتدائی معلومات کے مطابق، ں مسافر پاکستان سے عمرہ ویزوں پر سعودی عرب گئے


ویب ڈیسک October 24, 2026

ایف آئی اے امیگریشن کراچی نے مؤثر کارکردگی میں عمرہ ویزے کی آڑ میں مبینہ غیر قانونی مائگریشن کی کوششیں بے نقاب کرکے 5 مسافر اے ایچ ٹی سی کراچی کے حوالے کردیا۔

ترجمان ایف آئی اے نے کہا کہ ایف آئی اے امیگریشن کراچی نے مؤثر امیگریشن اسکریننگ اور پیشہ ورانہ جانچ پڑتال کے ذریعے دو الگ الگ کارروائیوں میں عمرہ ویزوں کے مبینہ غلط استعمال اور ایجنٹوں کی سہولت کاری سے غیر قانونی امیگریشن کی کوششوں کا سراغ لگایا۔ 

دونوں کارروائیوں میں مجموعی طور پر پانچ مسافروں کو مزید تحقیقات اور قانونی کارروائی کے لیے اے ایچ ٹی سی کراچی کے حوالے کر دیا گیا، پہلی کارروائی میں شمالی قبرص سے واپس آنے والے چار مسافروں محمد یاسین، ملک سبحان، عبداللہ خان اور عبدالباسط کو سیکنڈری امیگریشن چیکنگ کے دوران روک کر جانچ پڑتال کی گئی۔

ابتدائی معلومات کے مطابق، چاروں مسافر پاکستان سے عمرہ ویزوں پر سعودی عرب گئے، جہاں سے مبینہ طور پر ایجنٹوں کے ذریعے اسٹڈی ویزوں پر شمالی قبرص روانہ ہوئے۔

مسافروں کے بیانات کے مطابق، شاہ شاور، علی، جواد اور عبدالغفار نے اسٹڈی ویزوں اور متعلقہ دستاویزات کے انتظام کے عوض مبینہ طور پر بالترتیب 12 لاکھ، 18 لاکھ، 12 لاکھ اور 8 لاکھ روپے وصول کیے۔

شمالی قبرص میں یونیورسٹی کے داخلے سے متعلق تصدیقی خطوط کی توثیق نہ ہونے پر ان کی انٹری مسترد کر دی گئی اور انہیں پاکستان واپس ڈی پورٹ کر دیا گیا۔

دوسری کارروائی میں الجزائر سے ایمرجنسی پاسپورٹ پر واپس آنے والے مسافر امام الدین کو امیگریشن جانچ پڑتال کے دوران روکا گیا۔

مسافر کے بیان کے مطابق، وہ عمرہ ویزے پر سعودی عرب گیا، جہاں ایجنٹ حیدر علی نے 15 لاکھ روپے کے عوض اسے غیر قانونی راستے سے یورپ پہنچانے کی پیشکش کی۔، ایجنٹ نے لیبیا جانے کا انتظام کیا، جہاں سے وہ مبینہ طور پر غیر قانونی طور پر الجزائر میں داخل ہوا۔

ترجمان ایف آئی اے نے کہا کہ مقامی حکام نے اسے گرفتار کیا، اور تقریباً 10 ماہ قید میں رہنے کے بعد اسے پاکستان ڈی پورٹ کر دیا گیا، ایف آئی اے امیگریشن کراچی کی بروقت کارروائیوں کے نتیجے میں پانچوں مسافروں کو مزید تحقیقات کے لیے اے ایچ ٹی سی کراچی کے حوالے کر دیا گیا ہے۔

ایجنٹوں کے کردار، سفری دستاویزات اور مبینہ غیر قانونی امیگریشن نیٹ ورک سے متعلق مزید قانونی کارروائی تحقیقات کے نتائج کی روشنی میں کی جائے گی۔

یہ کارروائیاں امیگریشن اسکریننگ، مشکوک سفری سرگرمیوں کی نشاندہی اور انسانی اسمگلنگ و غیر قانونی امیگریشن کی روک تھام کے لیے ایف آئی اے کے عزم کی عکاسی کرتی ہیں۔