کراچی کو ہم روز دیکھتے ہیں، اس میں جیتے ہیں، اس سے شکوہ بھی کرتے ہیں اور اسی سے محبت بھی۔ لیکن دنیا ہمارے اس شہر کو کیسے دیکھتی ہے؟ اس سوال کا جواب دو غیر ملکی صحافیوں کی کتابوں میں ملتا ہے، جو کراچی کی زندگی، سیاست، جرائم، سماجی تضادات اور شہری مسائل کو مختلف زاویوں سے پیش کرتی ہیں۔
امریکی صحافی اسٹیو انسکیپ (Steve Inskeep) کی کتاب "Instant City: Life and Death in Karachi" کراچی کی غیر معمولی آبادیاتی وسعت اور بے ہنگم شہری پھیلاؤ کا جائزہ لیتی ہے۔ مصنف کراچی کو ایسا شہر قرار دیتے ہیں جہاں پوری قوم کی توانائیاں اور پریشانیاں سمٹ آئی ہیں۔
ان کے نزدیک کراچی کی تیز رفتار ترقی اور بڑھتی ہوئی آبادی نے اسے ایک ایسی شہری حقیقت میں بدل دیا ہے جس کے مسائل محض انتظامی نہیں، بلکہ تاریخی اور ساختی نوعیت کے بھی ہیں۔ تقسیم ِ ہند کے وقت کراچی کی آبادی تقریباً پانچ لاکھ تھی، جو وقت گزرنے کے ساتھ بڑھ کر کروڑوں تک پہنچ گئی۔
اس غیر معمولی اضافے کے مقابلے میں شہری منصوبہ بندی، بنیادی ڈھانچے اور عوامی سہولتوں کی ترقی مطلوبہ رفتار سے آگے نہ بڑھ سکی۔ نتیجتاً پانی، بجلی، ٹرانسپورٹ اور رہائش جیسے مسائل نے شہری زندگی کو دشوار بنا دیا۔
کراچی کی ترقی کے امکانات اپنی جگہ موجود رہے، لیکن دہشتگردی، فرقہ واریت اور تشدد کے مختلف ادوار نے اس کی سماجی اور معاشی زندگی کو بھی متاثر کیا۔اسٹیو انسکیپ کی تحریر میں کراچی محض مسائل سے دوچار شہر نہیں، بلکہ مختلف ثقافتوں، زبانوں اور معاشرتی تجربات کا سنگم بھی ہے۔
یہاں ملک کے مختلف علاقوں سے آنیوالے لوگ آباد ہوئے، روزگار تلاش کیا اور اپنی نئی شناخت قائم کی۔ اسی تنوع نے کراچی کو معاشی قوت اور ثقافتی وسعت عطا کی، تاہم تیز رفتار آبادیاتی تبدیلیوں نے شہری انتظام اور وسائل کی منصفانہ تقسیم کے حوالے سے پیچیدگیاں بھی پیدا کیں۔
کراچی پر دوسری اہم کتاب برطانوی صحافی سمیرا شیکل (Samira Shackle) کیKarachi Vice: Life and Death in a Contested City. ہے۔ مصنفہ نے 2012ء میں اپنے شوہر اور کم سن بچے کے ساتھ کراچی میں تقریباً ایک سال گزارا اور بعد ازاں اس شہر کی طرف بار بار لوٹتی رہیں۔ ان کی تحریر میں کراچی ایک ایسا شہر بن کر سامنے آتا ہے جہاں زندگی اور موت، محبت اور نفرت، امید اور خوف ایک دوسرے کے ساتھ چلتے ہیں۔
مصنفہ کے بیان کردہ تجربات سے اندازہ ہوتا ہے کہ کراچی کو محض خبروں، اعداد و شمار یا جرائم کی وارداتوں کے ذریعے نہیں سمجھا جا سکتا۔ اس شہر کی حقیقی تصویر ان لوگوں کی زندگیوں میں پوشیدہ ہے جو روزانہ خطرات، معاشی مشکلات اور شہری بے ترتیبی کے باوجود اپنی زندگی آگے بڑھاتے ہیں۔
ان کے لیے کراچی صرف رہائش یا روزگار کی جگہ نہیں، بلکہ ایک ایسی وابستگی بھی ہے جس سے لاتعلق ہونا آسان نہیں۔Karachi Vice کی اہمیت اس کے انفرادی کرداروں اور ان کے تجربات میں مضمر ہے۔
مصنفہ جرائم، سیاست اور شہری زندگی کے باہمی تعلق کو سمجھنے کے لیے مختلف طبقات سے تعلق رکھنے والے لوگوں کی کہانیاں بیان کرتی ہیں۔ ایک ایمبولینس ڈرائیور کے تجربات تشدد کے انسانی اثرات کو نمایاں کرتے ہیں، جب کہ پولیس افسر کی زندگی قانون نافذ کرنیوالے اداروں کو درپیش مشکلات کی طرف توجہ دلاتی ہے۔
خاتون صحافی کا کردار سچ لکھنے کے خطرات اور صحافتی ذمے داریوں کی عکاسی کرتا ہے، جب کہ تعمیراتی شعبے سے وابستہ کردار زمین اور جائیداد کے تنازعات کی پیچیدگیوں کو سامنے لاتا ہے۔مصنفہ کے بیان کردہ واقعات میں سیاست اور جرائم کے تعلق کو خاص اہمیت حاصل ہے۔
کراچی میں مختلف ادوار کے دوران سیاسی وابستگیوں، مسلح گروہوں، مقامی طاقت کے مراکز اور جرائم پیشہ عناصر کے باہمی تعلقات نے شہری زندگی کو متاثر کیا۔ تاہم اس صورتِحال کو سمجھنے کے لیے ضروری ہے کہ ہر واقعے کو اس کے مخصوص تاریخی اور سیاسی پس منظر میں دیکھا جائے۔
کسی پورے شہر یا سیاسی جماعت کو ایک ہی رنگ میں پیش کرنے کے بجائے ان عوامل کا جائزہ لینا زیادہ مناسب ہے جنھوں نے تشدد اور بدامنی کو تقویت دی۔کراچی کی تاریخ میں لیاری کی گینگ وار بھی ایک اہم باب ہے۔
اس علاقے میں مختلف گروہوں کے درمیان تصادم نے عام شہریوں کی زندگی کو شدید متاثر کیا۔ روزگار کے محدود مواقع، غربت، سماجی محرومی اور مقامی طاقت کی کشمکش نے ایسے حالات پیدا کیے جن میں نوجوانوں کا ایک طبقہ جرائم پیشہ سرگرمیوں کی طرف مائل ہوا۔
اس صورتِحال کو صرف غنڈہ گردی کہہ کر نظرانداز کرنا مسئلے کی گہرائی سے صرفِ نظر کرنے کے مترادف ہوگا۔ اس کے پس منظر میں موجود سماجی اور معاشی محرکات کو سمجھنا بھی ضروری ہے، تاکہ مستقبل میں نوجوانوں کو تشدد کے راستے سے دور رکھنے کے لیے موثر اقدامات کیے جا سکیں۔
کراچی کی سیاست میں شناخت کا مسئلہ بھی بنیادی اہمیت رکھتا ہے۔ مہاجر، سندھی، پشتون اور بلوچ سمیت مختلف لسانی و ثقافتی گروہوں نے اس شہر کی تشکیل میں حصہ لیا۔ ان کی زبانوں، روایات اور سماجی تجربات نے کراچی کو ایک منفرد شناخت عطا کی۔
تاہم بعض ادوار میں شناخت کی بنیاد پر ہونے والی سیاسی صف بندی نے معاشرتی تقسیم کو بھی بڑھایا۔ ایم کیو ایم کے عروج اور کراچی کی لسانی سیاست کو اسی تاریخی تناظر میں سمجھا جا سکتا ہے، جہاں نمائندگی، حقوق، وسائل اور سیاسی اختیار کے سوالات ایک دوسرے سے جڑے ہوئے ہیں۔
زمین اور رہائش کا مسئلہ بھی کراچی کے شہری بحران کا اہم حصہ ہے۔ بڑھتی ہوئی آبادی، محدود رہائشی وسائل اور زمین کی بڑھتی ہوئی قیمتوں نے عام شہری کے لیے اپنے گھر کا حصول مشکل بنا دیا ہے۔
غیر قانونی تعمیرات، زمینوں کے تنازعات، تجاوزات اور نالوں پر قبضے جیسے معاملات شہری منصوبہ بندی اور انتظامی نگرانی کی کمزوریوں کو نمایاں کرتے ہیں۔ جب کسی شخص کی زندگی بھر کی جمع پونجی جائیداد کی خریداری پر صرف ہو جائے اور بعد میں ملکیت ہی متنازع بن جائے تو یہ محض انفرادی نقصان نہیں رہتا، بلکہ شہری نظام پر اعتماد کا مسئلہ بن جاتا ہے۔
ان دونوں کتابوں کا تقابلی مطالعہ کراچی کی دو مختلف مگر ایک دوسرے سے مربوط تصویریں پیش کرتا ہے۔ اسٹیو انسکیپ شہر کی آبادی، ترقی اور منصوبہ بندی کے مسائل کو وسیع تناظر میں دیکھتے ہیں، جب کہ سمیرا شیکل انفرادی زندگیوں اور انسانی تجربات کے ذریعے کراچی کے پیچیدہ حالات کو سمجھنے کی کوشش کرتی ہیں۔
پہلی کتاب شہر کی ساختی مشکلات کو نمایاں کرتی ہے اور دوسری ان مشکلات کے انسانی اثرات کو سامنے لاتی ہے۔یہ تحریریں اس حقیقت کی طرف بھی توجہ دلاتی ہیں کہ کراچی کو صرف تشدد، جرائم اور بدانتظامی کے حوالے سے پہچاننا اس کے پورے وجود کی ترجمانی نہیں کرتا۔
یہ شہر صنعت، تجارت، صحافت، تعلیم، ثقافت اور تخلیقی صلاحیتوں کا بھی مرکز ہے۔ یہاں کے شہری نامساعد حالات کے باوجود کاروبار کرتے ہیں، علم حاصل کرتے ہیں، فنونِ لطیفہ سے وابستہ رہتے ہیں اور اپنے مستقبل کے لیے امید کا دامن تھامے رکھتے ہیں۔ یہی قوت کراچی کو مسلسل متحرک رکھتی ہے۔
کراچی کے مستقبل کا انحصار اس امر پر ہے کہ اس کی معاشی قوت کو بہتر شہری منصوبہ بندی، موثر انتظام، قانون کی بالادستی، سماجی ہم آہنگی اور عوامی سہولتوں کی منصفانہ فراہمی سے کس طرح مربوط کیا جاتا ہے۔
اس شہر کی اصل پہچان صرف اس کے مسائل نہیں، بلکہ ان مسائل کے باوجود زندہ رہنے، آگے بڑھنے اور بہتر مستقبل کی جستجو کرنیوالے لوگ بھی ہیں۔ دنیا کراچی کو جس نظر سے دیکھتی ہے، اس سے سیکھتے ہوئے ہمیں اپنے شہر کو اس نظر سے بھی دیکھنا چاہیے کہ اسے بہتر بنانے کے لیے ہم کیا کر سکتے ہیں۔