کراچی کے علاقے لیاقت آباد پولیس نے سویرا نامی خاتون کے قتل کا معمہ 24 گھنٹوں میں حل کرتے ہوئے نامزد ملزم کو گرفتار کرکے آلہ قتل اور مقتول سمیت اس کے بچوں کے موبائل فونز بھی برآمد کرلیے۔
تفصیلات کے مطابق جمعرات شب لیاقت آباد 6 نمبر چوڑی والی گلی میں رہائشی عمارت کے فلیٹ سے 30 سالہ سویرا کی گلا کٹی لاش برآمد ہوئی جس پر پولیس نے قتل کا مقدمہ مقتولہ کے بھائی کی مدعیت میں درج کیا۔
درخواست گزار نے مقتولہ کے دوست مبین کو نامزد کیا تھا جو واردات کے بعد سے غائب تھا تاہم لیاقت آباد پولیس نے خفیہ ذرائع، ٹیکنیکل سپورٹ اور مخبروں کی مدد سے کامیاب چھاپہ مار کارروائی کرتے ہوئے نامزد ملزم مبین کو گرفتار کرلیا۔
پولیس ترجمان کے مطابق ابتدائی تفتیش کے مطابق ملزم مبین نے تلخ کلامی کے دوران طیش میں آکر سویرا کو تیز دھار آلے کے وار سے قتل کیا تھا جبکہ مقتولہ 2 بچوں کی ماں اور اس کا شوہر دبئی میں ملازمت کرتا ہے۔
ملزم کے مطابق قتل کے بعد کپڑے تبدیل کیے اور خون آلود کپڑے لیکر موقع سے فرار ہوگیا تھا۔ بعد ازاں کپڑوں کو کچرا اٹھانے والی گاڑی میں پھینک دیے تاکہ شواہد چھپائے جا سکیں۔
پولیس نے گرفتار ملزم کے قبضے سے آلہ قتل اور مقتول سمیت اس کے بچوں کے موبائل فونز بھی برآْمد کرلیے ہیں اور اس حوالے سے مزید تفتش کا عمل جاری ہے۔