کچھ علاقوں میں پولیو کی موجودگی سنجیدہ چیلنج ہے، وزیراعلیٰ سندھ

 پولیو کے خلاف جنگ میں کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا، عالمی یوم انسداد پولیو پر وزیراعلیٰ مراد علی شاہ کا پیغام


ویب ڈیسک October 25, 2026
فوٹو فائل

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے عالمی یومِ انسدادِ پولیو کے موقع پر اپنے ایک پُرعزم پیغام میں واضح کیا ہے کہ پولیو کے خلاف جنگ میں کسی بھی قسم کی کوتاہی، غفلت یا سمجھوتہ برداشت نہیں کیا جائے گا۔

انہوں نے سندھ کے ہر بچے کو اس موذی مرض سے محفوظ رکھنے کو حکومت کی اولین ترجیح اور قومی ذمہ داری قرار دیا ہے۔

وزیراعلیٰ ہاؤس سے جاری کردہ ایک بیان میں سید مراد علی شاہ نے کہا کہ پولیو ایک خطرناک اور ناقابلِ علاج مرض ہے لیکن بروقت ویکسینیشن کے ذریعے بچوں کو عمر بھر کی معذوری سے بچایا جا سکتا ہے۔

انہوں نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور افغانستان دنیا کے وہ آخری دو ممالک ہیں جہاں جنگلی پولیو وائرس اب بھی موجود ہے، اگرچہ وائرس کا پھیلاؤ محدود کرنے میں کامیابی ملی ہے، تاہم حساس علاقوں میں اس کی موجودگی اب بھی ایک سنجیدہ چیلنج ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ نے والدین سے پُرزور اپیل کی ہے کہ وہ پانچ سال سے کم عمر کے ہر بچے کو ہر پولیو مہم میں قطرے ضرور پلوائیں۔ انہوں نے یاد دہانی کرائی کہ ہر مہم میں پلائے گئے قطرے بچوں کے محفوظ مستقبل کی ضمانت اور پولیو کے خاتمے کی جانب ایک اہم قدم ہیں۔

سید مراد علی شاہ نے مشکل حالات میں فرائض انجام دینے والے پولیو ورکرز کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے انہیں "بچوں کے مستقبل کا محافظ" قرار دیا۔

انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ ان ورکرز پر اعتماد کریں، انکے ساتھ بھرپور تعاون کریں اور ہر گھر تک ویکسین کی رسائی یقینی بنائیں۔ اپنے پیغام کے آخر میں وزیراعلیٰ نے کہا کہ “ایک دن، ایک مقصد، پولیو کا ہمیشہ کے لیے خاتمہ” صرف ایک عالمی پیغام نہیں بلکہ ہماری اجتماعی ذمہ داری ہے۔

انہوں نے عزم دہرایا کہ "محفوظ سندھ، صحت مند پاکستان اور پولیو سے پاک مستقبل" ہمارا مشن ہے اور ہم سب مل کر سندھ کے ہر بچے کو اس خطرے سے محفوظ بنائیں گے۔