بدلتا نکھرتا مضبوط پختونخوا؛ باجوڑ میں تجاوزات کیخلاف آپریشن، پشاور میں صفائی مہم تیز

گورنر راج کے بعد نئی صوبائی حکومت خیبر پختونخوا میں عوامی خدمات کے کاموں میں متحرک ہے


ویب ڈیسک October 25, 2026

بدلتا، بکھرتا، مضبوط پختونخوا کے عزم کے ساتھ صوبے میں ترقیاتی کاموں کی رفتار دن بدن بڑھتی جا رہی ہے۔

خیبرپختونخوا میں نئی صوبائی حکومت متحرک ہے۔ اسی سلسلے میں باجوڑ کے مختلف علاقوں میں تجاوزات کے خلاف کریک ڈاؤن شروع کردیا گیا ہے۔

صوبائی حکومتی ذرائع کے مطابق باجوڑ کے علاقوں خار بازار اور شنڈئی موڑ میں آپریشن، سڑکوں، فٹ پاتھوں اور عوامی گزرگاہوں سے غیر قانونی تجاوزات ہٹا دی گئی ہیں، جبکہ ناواگئی بازار میں مستقل اور عارضی تجاوزات کے خلاف کارروائی کے دوران دکانداروں کو نوٹس جاری کر دیے گئے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ مستقل تجاوزات قائم کرنے والے دکانداروں کو ایک دن کی مہلت دی گئی ہے اور  احکامات کی خلاف ورزی پر قانونی کارروائی ہوگی۔ تجاوزات برقرار رکھنے والوں کیخلاف کاروائیاں جاری رکھنے، ایف آئی آر، گرفتاری اور بھاری جرمانوں کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

تجاوزات کے خاتمے کا مقصد ٹریفک کی روانی بہتر اور شہریوں کو آمدورفت میں سہولت فراہم کرنا ہے۔ اس سلسلے میں انتظامیہ نے عوام سے سڑکوں، فٹ پاتھوں اور عوامی گزرگاہوں پر تجاوزات سے گریز کی اپیل  کی ہے۔

پشاور میں صفائی مہم

بدلتا، نکھرتا، مضبوط خیبرپختونخوا کے تحت گورنر راج کے نفاذ کے بعد نئی صوبائی حکومت متحرک ہے اور اس حوالے سے پشاور میں صفائی مہم تیزی سے جاری ہے۔

پی ٹی آئی کے 13 سالہ دورحکومت میں نظرانداز کیے گئے پشاور کے مختلف علاقوں میں نالیوں اور گٹروں کی صفائی شروع کر دی گئی ہے۔ پشاور ضلعی انتظامیہ کے تعاون سے چغلپورہ سے جھگڑا تک مین شاہراہ پر خصوصی صفائی آپریشن  کیا جارہا ہے۔

خیبرپختونخوا حکومتی ذرائع کے مطابق خصوصی آپریشن کے تحت 9 صفائی ٹیمیں شہری علاقوں میں صفائی اور نکاسی آب کا نظام بہتر بنانے میں مصروف عمل ہیں۔ شہر کی نالیوں اور گٹروں کی صفائی سے نکاسی آب کی رکاوٹیں دور کرنے اور گندے پانی کی روانی بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔

صوبائی حکومت نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ سڑکوں، نالیوں اور گٹروں میں کچرا نہ پھینکیں اور شہر کو صاف رکھنے میں اپنا کردار ادا کریں۔