لاہور:
پاکستان انگلیڈ ون ڈے میچ سے قبل عوامی سہولت، ٹریفک کی مؤثر روانی اور آگاہی کے لیے ٹریفک پلان جاری کر دیا گیا۔
سی ٹی او لاہور سید عبدالرحیم شیرازی کے مطابق دو ایس ایس پیز، 7 ڈی ایس پیز اور 90 انسپکٹرز فرائض سرانجام دیں گے۔ قذافی اسٹیڈیم، ٹیموں کے روٹس اور متبادل راستوں پر ایک ہزار سے زائد وارڈنز تعینات ہوں گے۔
رانگ پارکنگ کے خاتمے کے لیے 10 فورک لفٹرز اور 5بریک ڈاؤنز بھی تعینات ہوں گے۔ شائقین کرکٹ کی سہولت اور باآسانی اسٹیڈیم تک رسائی کے لیے 04 پارکنگ اسٹینڈز مختص کیے گئے۔
مال روڈ، کینال روڈ، جیل روڈ، مین بلیوارڈ روڈ گلبرگ ٹریفک کے لیے کھلی رہیں گیں۔ میچ کے دوران کسی بھی روڈ کو ٹریفک کے لیے بند نہیں رکھا جائے گا، ٹیم کی موومنٹ کے دوران روڈز کو کچھ لمحوں کے لیے بند کیا جائے گا اور موومنٹ گزرتے ہی تمام ڈائیورشن کو ٹریفک کے لیے کھول دیا جائے گا۔
سی ٹی او لاہور کے مطابق مال روڈ، جیل روڈ، کینال روڈ، فیروز پور روڈ سے آنے والے شائقین کرکٹ براستہ فیروز پور گورنمنٹ کالج فار بوائز میں پارکنگ کر سکیں گیں جبکہ ٹھوکر، جوہر ٹاؤن اور کاہنہ کی طرف سے آنے والے شہری براستہ کلمہ چوک، سینٹر پوائنٹ گورنمنٹ کالج فار بوائز میں پارکنگ کر سکیں گیں۔
کینٹ اور ڈیفنس کی طرف سے آنے والے شائقین کرکٹ سی بی ڈی سن فورٹ ہوٹل اور لبرٹی مارکیٹ میں پارکنگ کرسکیں گے۔ راستہ ایپ اور راستہ ایف ایم 88.6 کے ذریعے شہریوں کو ٹریفک کی بدلتی صورتحال سے آگاہ رکھا جائے گا۔
سی ٹی او لاہور کے مطابق شہری مزید راہنمائی اور مدد کیلئے ہیلپ لائن15پر کال کرسکیں گے، شہری ٹیم موومنٹس کے دوران قذافی اسٹیڈیم کی طرف غیر ضروری سفر سے گریز کریں، پارکنگ اور اسٹیڈیم میں داخلے کیلئے ٹریفک کے عملے سے رہنمائی لیں، ٹریفک کی بدلتی صورتحال سے ہمہ وقت آگاہ رہنے کیلئے راستہ ایپ اور راستہ ایف ایم سنتے رہیں۔