کراچی میں ڈرگ ٹیسٹنگ لیبارٹری سندھ نے چھ معروف ادویات کے سات نمونوں کو جعلی قرار دے دیا۔
آگمنٹن، ویلوسیف، نو اسپا فورٹ، میوکین، بریکسن اور لیکسوبرون کے نمونے جعلی نکلے، لیبارٹری رپورٹ کے مطابق ادویات کے نمونوں میں مطلوبہ فعال اجزا کی شناخت نہیں ہوسکی، آگمنٹن 625 ملی گرام ٹیبلٹ میں اموکسی سلین اور کلاوولینک ایسڈ موجود نہیں، ویلوسیف 500 ملی گرام کیپسول میں سیفراڈین کی شناخت نہیں ہوسکی۔
رپورٹ کے مطابق نو اسپا فورٹ 80 ملی گرام ٹیبلٹ میں ڈروٹاوی ہائیڈروکلورائیڈ موجود نہیں، میوکین سسپنشن میں تینوں مطلوبہ فعال اجزا کی شناخت نہیں ہوسکی، بریکسن ٹیبلٹ کے نمونے میں پیروکسیکام کی شناخت نہیں ہوسکی۔
ان کا کہنا تھا کہ لیکسوبرون لیکوئڈ کے دو مختلف بیچز کے نمونے بھی جعلی۔
سندھ ڈرگ ٹیسٹنگ لیبارٹری کے ڈائریکٹر سید عدنان رضوی نے کہا کہ ادویات کو ڈرگ ایکٹ 1976 کے تحت جعلی قرار دیا گیا، ادویات کی رپورٹس ڈرگ انسپکٹر اور سندھ کوالٹی کنٹرول بورڈ کو بھجوا دیں۔