گوجرانوالہ: ولیمے کی تقریب سے واپسی پر دلہن کو قتل کر دیا گیا، معاملہ سی سی ڈی کے سپرد

دلہن کے قتل کے باعث خوشیوں بھرے گھر میں صف ماتم بچھ گئی۔


ویب ڈیسک October 25, 2026

پنجاب کے ضلع گوجرانوالہ میں ولیمے کی تقریب سے واپس گھر جاتے ہوئے دلہن صبا کو فائرنگ کرکے قتل کر دیا گیا۔

پولیس ذرائع کے مطابق قتل کا واقعہ سمن آباد چونگی کے قریب پیش آیا، جہاں موٹر سائیکل سوار دو ملزمان نے دلہا سفیان کی گاڑی کو روکا۔

ایف آئی آر کے مطابق ملزم سرفراز اور اس کے نامعلوم ساتھیوں نے دلہن صبا پر اندھا دھند فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں اسے سینے اور پیٹ میں گولیاں لگیں۔ زخمی دلہن کو اسپتال منتقل کیا گیا، تاہم وہ جانبر نہ ہو سکی۔

ایف آئی آر کے مطابق ملزم سرفراز، صبا سے شادی کرنا چاہتا تھا، جس کی پاداش میں اس نے یہ جرم کیا۔ دلہن کے قتل کے باعث خوشیوں بھرے گھر میں صف ماتم بچھ گئی۔

پولیس ذرائع کے مطابق تھانہ سی سی ڈی میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے، جبکہ پولیس بھی تفتیش میں مصروف ہے۔ سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے ملزمان کی تلاش جاری ہے۔