چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان نے محکمہ اوقاف کے تین اہلکاروں کی محکمانہ اپیلیں مسترد کرتے ہوئے مالی بے ضابطگیوں کے مقدمات میں ان کی محکمانہ سزائیں برقرار رکھی ہیں۔
اپیلیں مسترد ہونے والوں میں سابق مینیجر اوقاف اوکاڑہ شفقت عباس، جونیئر کلرک زوار حسین اور کمپیوٹر آپریٹر طارق محمود نجمی شامل ہیں۔
اوکاڑہ اوقاف سرکل میں 6 کروڑ 2 لاکھ روپے سے زائد کی مبینہ مالی بے ضابطگیوں کے معاملے پر کارروائی کی گئی۔ دربار حضرت بابا بلھے شاہؒ قصور میں نقد عطیات اور آمدن کی وصولی میں مبینہ بے ضابطگیاں بھی کارروائی کا حصہ تھیں۔
شفقت عباس اور زوار حسین کی پانچ، پانچ سال کی سابقہ سروس ضبط کرنے کی سزا برقرار رکھی گئی ہے، جبکہ تینوں اہلکاروں سے مجموعی طور پر 25 لاکھ 23 ہزار 735 روپے کی ریکوری کی سزائیں بھی برقرار ہیں۔
محکمہ اوقاف کے مطابق سرکاری آمدن کے تحفظ میں غفلت اور مالی بے ضابطگیوں پر محکمانہ احتساب جاری رہے گا۔ سرکاری املاک، اوقاف کی آمدن اور عوامی وسائل کا تحفظ محکمہ اوقاف کی ترجیح ہے۔