کراچی:
نیشنل ڈائیلاگ کمیٹی کے رہنما محمود مولوی نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی قیادت کی تبدیلی ناگزیر ہو چکی ہے۔
اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی بیرونی قیادت مفاہمت اور مزاحمت دونوں میں ناکام ہوچکی ہے، جس کے باعث پارٹی میں قیادت کی تبدیلی اب ناگزیر ہوچکی ہے۔
محمود مولوی نے کہا کہ محمود خان اچکزئی اور علامہ راجہ ناصر عباس عمران خان کی جانب سے دیے گئے سیاسی اختیارات مؤثر انداز میں استعمال نہیں کرسکے۔ بیرونی قیادت کی غیر مؤثر سیاسی حکمت عملی نے عمران خان اور تحریک انصاف کی مشکلات میں مزید اضافہ کیا ہے۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ تحریک انصاف کی سیاسی قیادت اب پارٹی کے اپنے سنجیدہ اور تجربہ کار رہنماؤں کو سونپی جائے۔ بیرونی شخصیات کے بجائے تحریک انصاف کے اپنے باصلاحیت رہنماؤں کو آگے لانے کا وقت آگیا ہے۔
محمود مولوی نے کہا کہ تحریک انصاف کو ایسی قیادت کی ضرورت ہے جو مفاہمت اور مزاحمت، دونوں کی صلاحیت رکھتی ہو۔ سیاسی بحران کا حل سنجیدہ قیادت اور مؤثر مذاکرات سے ہی ممکن ہے۔