انگلینڈ کے خلاف تاریخی فتح پر فیصل کریم کنڈی کی قومی ٹیم کو مبارکباد

شاداب خان کی ناقابلِ شکست سنچری پاکستانی کرکٹ کی تاریخ کا قابلِ فخر لمحہ ہے، گورنر خیبرپختونخوا


ویب ڈیسک October 26, 2026
فوٹو: اے پی پی

پشاور:

گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے انگلینڈ کے خلاف سنسنی خیز فتح پر قومی کرکٹ ٹیم کو مبارکباد دیتے ہوئے شاداب خان اور حارث رؤف کی شاندار کارکردگی کو سراہا ہے۔

اپنے بیان میں فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ آخری وکٹ پر شاداب خان اور حارث رؤف کی یادگار شراکت نے پاکستان کو فتح دلائی جب کہ شاداب خان کی ناقابلِ شکست سنچری پاکستانی کرکٹ کی تاریخ کا قابلِ فخر لمحہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ مشکل صورت حال میں ہمت نہ ہارنا قومی ٹیم کے عزم، حوصلے اور خود اعتمادی کی عکاسی کرتا ہے۔ شاہین شاہ آفریدی اور دیگر بولرز نے بھی فتح میں اہم کردار ادا کیا۔

گورنر خیبرپختونخوا نے ٹرائی نیشن سیریز کے فائنل میں رسائی پر قومی ٹیم کو مبارکباد دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ کھلاڑی فائنل میں بھی اسی جذبے اور کارکردگی کا مظاہرہ کرکے ملک و قوم کا نام روشن کریں گے۔