عباس عراقچی نے امریکا اور اسرائیل کے ساتھ دوبارہ فوجی تصادم کا خدشہ ظاہر کر دیا

ایران کے خلاف کسی بھی نئی فوجی کارروائی کا پوری طاقت سے جواب دیا جائے گا، وزیر خارجہ


ویب ڈیسک October 26, 2026

تہران:

ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے امریکا اور اسرائیل کے ساتھ دوبارہ فوجی تنازع شروع ہونے کے خدشے کا اظہار کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ کسی بھی نئی فوجی کارروائی کا بھرپور طاقت سے جواب دیا جائے گا۔

ایرانی وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ خطے کے کسی ایک ملک میں جنگ چھڑنے کی صورت میں امن کا قیام ممکن نہیں ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ ایران کے خلاف کسی بھی نئی فوجی کارروائی کا پوری طاقت سے جواب دیا جائے گا۔

دوسری جانب ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر باقر قالیباف نے کہا ہے کہ ایران کی علاقائی سالمیت کی خلاف ورزی کا ایسا جواب دیا جائے گا جس کا تصور بھی نہیں کیا جاسکتا۔

قالیباف کے مطابق ایران اب ایک آزاد اور طاقتور علاقائی قوت بن چکا ہے اور ملک کی تقدیر کا فیصلہ غیرملکی طاقتیں نہیں کرسکتیں۔

انہوں نے امریکا پر زور دیا کہ وہ اپنا رویہ تبدیل کرے، دھمکیاں دینا بند کرے اور اپنے وعدے پورے کرے۔

ایرانی قیادت کے ان بیانات سے ظاہر ہوتا ہے کہ تہران امریکا اور اسرائیل کے ساتھ ممکنہ کشیدگی کے تناظر میں سخت مؤقف اختیار کیے ہوئے ہے تاہم خطے میں دوبارہ فوجی تصادم کے خدشات کے حوالے سے صورت حال غیر یقینی ہے۔