مری؛ شادی سے واپسی پر گاڑی گہری کھائی میں جا گری، ایک ہی خاندان کے 7 افراد جاں بحق

گزشتہ روز بھی مظفر آباد کے علاقے میں جیپ گہری کھائی میں گرنے سے بچوں سمیت 7 افراد جاں بحق ہوئے تھے


ویب ڈیسک October 26, 2026
(فائل فوٹو: اے آئی جنریٹڈ)

مری کے علاقے بڑوھا لنک روڈ پر گاڑی گہری کھائی میں جا گری، جس میں ایک ہی خاندان کے 7 افراد موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے۔

ریسکیو ذرائع نے واقعے کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ گاڑی میں کل 14 افراد سوار تھے جو کہ قریبی گاؤں میں منعقدہ شادی کی تقریب میں شرکت کے بعد واپس گھر لوٹ رہے تھے۔

حادثہ اس قدر شدید نوعیت کا تھا کہ کھائی میں گرنے کے فوراً بعد گاڑی میں خوفناک آگ بھڑک اٹھی۔

ریسکیو حکام نے مزید بتایا کہ جاں بحق ہونے والوں میں 3 بچے اور 2 خواتین بھی شامل ہیں۔

واقعے میں ارشد (40)، نگہت (35)، لائبہ (17)، طیب محمود (10)، رائمہ نور (7)، کاشان (4) اور ڈیڑھ سالہ آئمہ نور موقع پر دم توڑ گئے۔ لاشوں کو ضروری کارروائی کے لیے ہولی فیملی اسپتال راولپنڈی منتقل کر دیا گیا ہے۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز بھی مظفرآباد کے نواحی علاقے شکر پٹیاں میں مسافر جیپ گہری کھائی میں گرنے سے 7 افراد جاں بحق ہوگئے تھے۔  ریسکیو حکام کے مطابق گھاس سے لدی جیپ پر 2 بچوں سمیت 7 افراد سوار تھے۔ دشوار گزار راستے پر ڈرائیور جیپ پر قابو نہیں رکھ سکا، جس کے باعث گاڑی گہری کھائی میں جاگری۔