کوئٹہ میں 20 گھنٹے تک لوڈشیڈنگ، شہری اور تاجر پریشان

بجلی کی بلا تعطل فراہمی اور وولٹیج میں بہتری یقینی بنائی جائے، شہریوں کا مطالبہ


سردار حمید خان October 26, 2026

کوئٹہ:

کوئٹہ اور گردونواح میں اعلانیہ اور غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے جبکہ کم وولٹیج نے شہریوں کی مشکلات میں مزید اضافہ کردیا۔

شہر کے مختلف علاقوں میں روزانہ 18 سے 20 گھنٹے تک بجلی کی بندش سے گھریلو صارفین، تاجر اور بجلی پر انحصار کرنے والے کاروباری افراد شدید مشکلات کا شکار ہیں۔

سرکی روڈ، ڈبل روڈ، جناح روڈ، جناح ٹاؤن، سمنگلی روڈ، سبزل روڈ، سی پیک روڈ، سراب روڈ، قمبرانی روڈ، بینک کالونی، مشرقی و مغربی بائی پاس، ایئرپورٹ روڈ، نواں کلی، کلی الماس، کلی محمد اور بروری سمیت مختلف علاقوں میں بجلی کی طویل بندش سے معمولات زندگی متاثر ہورہے ہیں۔

بجلی کی عدم دستیابی کے باعث گھریلو امور کی انجام دہی میں مشکلات کا سامنا ہے جبکہ دکانوں، ورکشاپس اور دیگر کاروباری سرگرمیاں بھی متاثر ہورہی ہیں۔ طویل لوڈشیڈنگ کے باعث تاجروں کو مالی نقصان اٹھانا پڑ رہا ہے، کم وولٹیج سے برقی آلات متاثر ہونے کا خدشہ بھی بڑھ گیا ہے۔

شہریوں نے متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ طویل لوڈشیڈنگ کا نوٹس لیا جائے، غیر اعلانیہ بجلی کی بندش ختم کی جائے اور بجلی کی بلا تعطل فراہمی کے ساتھ وولٹیج میں بہتری یقینی بنائی جائے۔