کوئٹہ:
بلوچستان کے 28 سرکاری محکموں میں ای فائلنگ کے نفاذ کے بعد سمریز کی ڈیجیٹلائزیشن کا عمل شروع ہوگیا۔
وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی زیر صدارت سروس ڈیلیوری میں بہتری سے متعلق اجلاس منعقد ہوا، جس میں صوبے میں سرکاری امور کی ڈیجیٹلائزیشن اور گڈ گورننس کے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ 28 سرکاری محکموں میں ای فائلنگ کے نفاذ کے بعد ایک لاکھ 83 ہزار سے زائد ای فائلز نمٹائی جا چکی ہیں، جبکہ سمریز کی ڈیجیٹلائزیشن کا عمل بھی شروع کردیا گیا ہے۔
اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ ابتدائی مرحلے میں 10 سرکاری محکموں کی سمریز کو ڈیجیٹل نظام پر منتقل کرنے کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ اس اقدام سے سرکاری امور کی انجام دہی میں تیزی آئے گی اور فیصلہ سازی کے عمل کو بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔
وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے ہدایت کی کہ سرکاری امور کو جدید ڈیجیٹل نظام پر منتقل کرنے کے عمل کو تیز کیا جائے اور غیر ضروری تاخیر کا خاتمہ کرکے بروقت فیصلوں کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ڈیجیٹل نظام کے ذریعے سرکاری امور میں شفافیت، رفتار اور جوابدہی کو فروغ ملے گا۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ عوام کو بہتر اور بروقت سرکاری خدمات کی فراہمی کے لیے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال ناگزیر ہے۔ انہوں نے متعلقہ محکموں کو ڈیجیٹلائزیشن کے عمل میں مؤثر معاونت یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ حکومتی کارکردگی میں بہتری کے لیے روایتی طریقہ کار کی جگہ مؤثر ڈیجیٹل نظام اپنانا ہوگا۔
ان کے مطابق سرکاری امور میں آسانی، تیز رفتار فیصلہ سازی اور عوامی سہولت ڈیجیٹل اصلاحات کے بنیادی مقاصد ہیں۔