سابق آرمی چیف جنرل (ر) عبدالوحید کاکڑ انتقال کر گئے

فیلڈ مارشل عاصم منیر، پاک فوج کے تمام رینکس، سیاسی قیادت اور رہنماؤں کا اظہار افسوس


ویب ڈیسک October 26, 2026

راولپنڈی:

سابق آرمی چیف جنرل (ریٹائرڈ) عبدالوحید کاکڑ راولپنڈی میں انتقال کرگئے۔

آرمی چیف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور پاک فوج کے تمام رینکس نے سابق آرمی چیف جنرل (ر) عبدالوحید کاکڑ کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف و چیف آف ڈیفنس فورسز اور پاک فوج کے تمام رینکس نے مرحوم کے شاندار عسکری کیریئر، قائدانہ صلاحیتوں اور پاک فوج کے  لیے  ان کی گراں قدر خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔

اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ پاک فوج سوگوار خاندان کے دکھ میں برابر کی شریک ہے اور دلی تعزیت کا اظہار کرتی ہے۔ اللہ تعالیٰ مرحوم کے درجات بلند فرمائے، انہیں جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا کرے اور لواحقین کو صبرِ جمیل اور ہمت عطا فرمائے۔ آمین ۔

دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف، صدر مملکت، گورنرز، وزرائے اعلیٰ اور دیگر حکومتی و سیاسی اہم شخصیات نے سابق چیف آف آرمی اسٹاف جنرل (ر) عبدالوحید کاکڑ کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔