پشاور:
خیبر پختونخوا پولیس کو جدید سازوسامان سے لیس کرنے کے لیے 10 جدید ایمبولینسز اور 8 اے پی سیز مختلف ریجنز کے ضلعی پولیس افسران کے حوالے کردی گئیں۔
سینٹرل پولیس آفس پشاور میں ہونے والی تقریب میں انسپکٹر جنرل آف پولیس ذوالفقار حمید، تمام ایڈیشنل آئی جیز اور ڈی آئی جیز سمیت دیگر اعلیٰ افسران موجود تھے۔
خیبر پختونخوا پولیس گزشتہ 2 دہائیوں سے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں فرنٹ لائن فورس کے طور پر اپنا کردار ادا کررہی ہے۔ آئی جی سے لے کر سپاہی رینک تک کے اہلکاروں نے اس طویل جنگ میں اپنی جانوں کے نذرانے پیش کیے ہیں۔
اس جری فورس کو مزید مضبوط اور ناقابل تسخیر بنانے کے لیے جدید سازوسامانِ حرب فراہم کرنے کا سلسلہ تیزی سے جاری ہے۔
اسی سلسلے کو برقرار رکھتے ہوئے خیبر پختونخوا پولیس کے مختلف ریجنل اور ضلعی افسران کو تمام ضروری طبی سہولیات سے لیس ایمبولینسز اور جدید اے پی سیز فراہم کی گئیں۔
انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبر پختونخوا ذوالفقار حمید نے سینٹرل پولیس آفس پشاور میں منعقدہ تقریب کے دوران ایمبولینسز اور اے پی سیز کی چابیاں متعلقہ اعلیٰ افسران کے حوالے کیں۔
فراہم کی جانے والی بکتر بند گاڑیوں میں 6 ضرب حیدر جبکہ 2 ڈریگون کلاس اے پی سیز شامل ہیں۔ جدید اے پی سیز پشاور، چارسدہ، دیر لوئر، دیر اپر، کوہاٹ، کرک، بنوں، ڈیرہ اسماعیل خان، ٹانک، ایبٹ آباد اور شانگلہ کے پولیس افسران کے حوالے کی گئیں۔
یہ گاڑیاں ہنگامی حالات اور دورانِ آپریشنز پولیس اہلکاروں کی محفوظ نقل و حرکت یقینی بنائیں گی۔
خیبر پختونخوا پولیس کو دورانِ آپریشنز یا دہشت گردوں کے حملوں میں زخمی ہونے والے اہلکاروں کو بروقت طبی امداد دے کر اسپتال پہنچانے کے لیے تمام ضروری طبی آلات اور سہولیات سے لیس 10 جدید ایمبولینسز فراہم کی گئی ہیں۔
ان ایمبولینسز میں فیلڈ میڈیکل ضروریات پوری کرنے کی سہولیات موجود ہیں، تاکہ زخمی اہلکاروں کو ابتدائی طبی امداد فراہم کرکے جلد اسپتال منتقل کیا جاسکے۔
آئی جی پی ذوالفقار حمید نے تمام ایمبولینسز اور اے پی سیز کا بغور معائنہ کیا اور ان کے مختلف حصوں، خصوصیات اور کارکردگی کے بارے میں تفصیلی آگاہی حاصل کی۔
اس موقع پر انہوں نے کہا کہ فورس کے جوانوں کو ہنگامی حالات اور دورانِ آپریشنز محفوظ نقل و حرکت کے لیے جدید اے پی سیز فراہم کی جارہی ہیں، جو ان کی قیمتی جانوں کے تحفظ کے لیے انتہائی اہم ہیں۔
آئی جی پی نے کہا کہ دہشت گردوں کے حملوں سمیت دورانِ آپریشنز زخمی ہونے والے جوانوں کو اسپتال پہنچنے تک قیمتی وقت فراہم کرنے کے لیے تمام طبی ضروریات سے لیس تیز رفتار ایمبولینسز حاصل کی گئی ہیں، جو بہادر اہلکاروں کی قیمتی زندگیاں بچانے میں معاون ثابت ہوں گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ حالات میں فورس کو ہر قسم کی سہولیات سے لیس کرنے کے لیے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں اور اس ضمن میں خصوصی سمریز صوبائی حکومت کو ارسال کی گئی ہیں۔