اسلام آباد:
پاکستان اور ترکمانستان نے دینی تعلیم کے شعبے میں باہمی تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا ہے۔
اس سلسلے میں ترکمانستان کے چیف امام اور سابق مفتی اعظم عزت مآب یالکپ ہوجاگلیوو نے وفد کے ہمراہ وزارت مذہبی امور کا دورہ کیا، جہاں وفاقی سیکرٹری مذہبی امور ابرار احمد مرزا سے دوطرفہ امور پر اہم بات چیت ہوئی۔
ملاقات کے دوران پاکستان اور ترکمانستان کے درمیان مذہبی تعلیم، دینی علوم اور قرآنی تعلیم کے فروغ کے لیے تعاون بڑھانے کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وفاقی سیکرٹری مذہبی امور ابرار احمد مرزا نے کہا کہ پاکستان کے عصری تعلیمی اداروں میں یونیورسٹی کی سطح تک دینی اور قرآنی علوم کی تعلیم دی جاتی ہے۔ پاکستان اور ترکمانستان پہلے ہی ثقافتی اور اقتصادی تعاون کے فروغ کے لیے کام کر رہے ہیں جبکہ ترکمانستان میں مذہبی علوم کی ترویج کے لیے تعاون سے دونوں ممالک کے تعلقات مزید مستحکم ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستانی علما اور مذہبی اسکالرز دنیا کے نامور اداروں میں اپنی خدمات انجام دے رہے ہیں۔
اس موقع پر ترکمانستان کے چیف امام یالکپ ہوجاگلیوو نے کہا کہ ان کا دورہ پاکستان کا مقصد یہاں دینی تعلیم، نصاب اور تدریسی طریقہ کار سے آگاہی حاصل کرنا ہے۔ ترکمانستان اسلامی عقائد، فقہ اور تفسیر کی تعلیم کے لیے پاکستان کے تجربات سے استفادہ کرنے کا خواہاں ہے۔
چیف امام نے بتایا کہ ترکمانستان کے نئے شہر میں 30 ہزار نمازیوں کی گنجائش رکھنے والی ارکاداگ روحی مسجد کی تعمیر جاری ہے، جبکہ مسجد کے ساتھ دینی تعلیم کے لیے ایک مدرسہ بھی قائم کیا جائے گا۔