وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے اچھالی جھیل پر فلیمنگوز اور سالٹ رینج میں اڑیال کے ریوڑ کی تصاویر اپنے آفیشل سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر شیئر کرتے ہوئے کہا ہے کہ اچھالی جھیل پر فلیمنگوز کی تعداد رواں موسم میں 10 سے بڑھ کر 60 سے زائد ہوگئی ہے۔
وزیراعلیٰ کے مطابق فلیمنگوز کی تعداد میں اضافے اور اڑیال کے قدرتی مساکن میں موجودگی کا تعلق جنگلی حیات کے تحفظ، قانونی اصلاحات اور قدرتی ماحول کی بحالی کے اقدامات سے ہے۔
ڈپٹی چیف وائلڈ لائف رینجر سالٹ رینج ریجن سید علی عثمان بخاری کے مطابق سالٹ رینج میں جنگلی حیات کے تحفظ اور قوانین پر مؤثر عمل درآمد کے باعث اڑیال کی آبادی مستحکم ہو رہی ہے۔ ان کی جانب سے شیئر کی گئی تصاویر میں اڑیال کے ریوڑ قدرتی مساکن میں دکھائی دیتے ہیں۔
اسسٹنٹ چیف وائلڈ لائف رینجر چکوال مرزا عابد حسین کی رپورٹ میں بھی سالٹ رینج میں اڑیال کی بڑھتی ہوئی موجودگی کی نشاندہی کی گئی ہے۔ رپورٹ کے مطابق محکمہ تحفظ جنگلی حیات اور سی بی سی کے اقدامات، وائلڈ لائف ایکٹ اور پروٹیکٹڈ ایریاز ایکٹ پر عمل درآمد سے اس نایاب جانور کے تحفظ میں مدد مل رہی ہے۔
اسسٹنٹ چیف وائلڈ لائف رینجر خوشاب فریحہ شیرازی کی جانب سے بھیجی گئی رپورٹ اور تصاویر میں اچھالی جھیل پر فلیمنگوز کی آمد کی تصدیق کی گئی ہے۔
محکمہ کے مطابق جھیل پر مقامی اور مہاجر فلیمنگوز کی موجودگی حیاتیاتی تنوع کے حوالے سے اہم ہے۔
محکمہ تحفظ جنگلی حیات و پارکس پنجاب کے مطابق قدرتی مساکن کی بحالی اور جنگلی حیات کے تحفظ کے اقدامات جاری ہیں۔