بھارتی ریاست اتر پردیش کے شہر جھانسی میں 28 سالہ نوبیاہتا دلہن مسکان ہوٹل کے کمرے کے دروازے پر اچانک گر کر ہلاک ہوگئی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق واقعے کی سی سی ٹی وی ویڈیو سامنے آنے کے بعد پولیس نے شوہر کو پوچھ گچھ کے لیے حراست میں لے لیا، جبکہ لڑکی کے اہل خانہ نے قتل کا الزام عائد کیا ہے۔
واقعہ پیر کی صبح تقریباً 10 بج کر 50 منٹ پر رشبھ ہوٹل میں پیش آیا۔ سامنے آنے والی 47 سیکنڈ کی ویڈیو میں تین افراد کو ہوٹل کی راہداری میں کمرے کی جانب جاتے دیکھا جاسکتا ہے۔
مسکان کا شوہر اور ایک دوسرا شخص پہلے کمرے میں داخل ہوتے ہیں جبکہ مسکان دروازے کے قریب پہنچتے ہی اچانک زمین پر گر جاتی ہے۔ اس کے بعد شوہر اسے اٹھا کر کمرے کے اندر لے جاتا ہے۔
رپورٹس کے مطابق مسکان کو پہلے اسپتال پہنچایا گیا جہاں سے ضلع اسپتال منتقل کیا گیا تاہم ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دے دیا۔
پولیس نے لاش پوسٹ مارٹم کے لیے بھجوا دی ہے اور موت کی اصل وجہ جاننے کے لیے رپورٹ کا انتظار ہے۔
مسکان کی شادی نیلیش سے 29 جون 2026 کو ہوئی تھی۔ اس کا میکہ جھانسی جبکہ سسرال بھارتی ریاست مدھیہ پردیش کے شہر ودیشا میں ہے۔
مسکان کے والد رام جی لال اہروار نے الزام لگایا کہ نیلیش نے ان کی بیٹی کو دھوکے سے ہوٹل پہنچایا اور اس کی موت مشکوک حالات میں ہوئی۔
خاتون کے والد کا کہنا تھا کہ داماد نے پہلے شادی ہونے کی بات بھی چھپائی تھی اور اکثر مسکان کا دوسری خاتون سے موازنہ کرتا تھا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ اہل خانہ کے الزامات کی تحقیقات جاری ہیں اور پوسٹ مارٹم رپورٹ کے بعد مزید کارروائی کی جائے گی۔