دبئی میں ورلڈ ٹرائیتھلون ویمنز کپ 6 دسمبر کو الممزر بیچ پارک میں منعقد ہوگا، جس میں عالمی سطح کی پروفیشنل ایتھلیٹس کے ساتھ شوقیہ خواتین بھی حصہ لیں گی۔ ایونٹ کے لیے رجسٹریشن شروع ہوگئی ہے۔
دبئی اسپورٹس کونسل، ورلڈ ٹرائیتھلون اور یو اے ای ٹرائیتھلون فیڈریشن کے اشتراک سے ہونے والے اس مقابلے کا مقصد خواتین اور لڑکیوں کی کھیلوں میں شرکت بڑھانا ہے۔ منتظمین کے مطابق یہ دنیا میں دوسری ورلڈ ٹرائیتھلون ویمنز کپ ایونٹ ہے اور اپنی نوعیت کا واحد مقابلہ ہے جو مکمل طور پر خواتین کے لیے مختص ہے۔
18 سال یا اس سے زائد عمر کی شرکا دو شوقیہ کیٹیگریز میں حصہ لے سکیں گی۔ سپر اسپرنٹ میں 400 میٹر تیراکی، 10 کلومیٹر سائیکلنگ اور 2.5 کلومیٹر دوڑ شامل ہے، جبکہ اسپرنٹ میں 750 میٹر تیراکی، 20 کلومیٹر سائیکلنگ اور 5 کلومیٹر دوڑ ہوگی۔ دونوں مقابلوں میں انفرادی طور پر یا زیادہ سے زیادہ تین افراد کی ٹیم کی صورت میں شرکت کی جاسکتی ہے۔
پروفیشنل خواتین کا مقابلہ اسپرنٹ فاصلے پر ہوگا اور فاتح کو 500 اولمپک رینکنگ پوائنٹس ملیں گے۔ اماراتی شرکا کے لیے الگ کیٹیگری بھی ہوگی جس میں انفرادی اور ٹیم مقابلوں کے تین بہترین کھلاڑیوں کو تسلیم کیا جائے گا۔
13 نومبر تک انفرادی رجسٹریشن فیس 240 درہم اور ریلے ٹیم کی فیس 480 درہم مقرر ہے جبکہ 14 نومبر سے یہ فیسیں بالترتیب 300 اور 600 درہم ہوجائیں گی۔ ایونٹ ولیج 5 دسمبر کو کھلے گا، جہاں خاندانوں کے لیے سرگرمیوں کے علاوہ صحت، غذائیت اور ذہنی تندرستی سے متعلق سیشنز بھی ہوں گے۔