لاہور کے علاقے جوہر ٹاؤن میں آن لائن بائیک سروس کے رائیڈر کی مبینہ ہراسانی سے بچنے کے لیے خاتون نے چلتی موٹر سائیکل سے چھلانگ لگا دی۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق لاہور کے علاقے جوہر ٹاؤن کی رہائشی خاتون گھر سے آن لائن موٹرسائیکل رائیڈ پر نکلی تو مبینہ طور پر اُسے رائیڈر نے ہراساں کیا اور نازیبا حرکات کیلیے دباؤ ڈالا۔
مقدمے کے متن کے مطابق خاتون نے 17 اکتوبر کو ایف ٹو جوہر ٹاؤن سے وتو پیلس جانے کے لیے بائیک بک کروائی تھی۔ الزام ہے کہ دورانِ سفر رائیڈر نعیم خاتون کو مسلسل تنگ کرتا رہا اور نازیبا حرکات کے لیے کہتا رہا۔
ایف آئی آر کے مطابق رائیڈر کی مبینہ چھیڑ چھاڑ سے پریشان ہوکر خاتون نے جی فور کے علاقے میں چلتی موٹر سائیکل سے چھلانگ لگائی جس میں خاتون کے منہ، ناک، گلے اور سر پر چوٹیں آئیں۔
مقدمے کے مطابق خاتون کے سڑک پر گرنے کے بعد رائیڈر موقع سے فرار ہوگیا۔