مصری پارلیمنٹ نے سعودی عرب کے دفاع کے لیے فوجی تعاون کی منظوری دے دی

پارلیمانی منظوری بند کمرہ اجلاس میں دی گئی


ویب ڈیسک October 27, 2026

مصری پارلیمنٹ نے صدر عبدالفتاح السیسی کو سعودی عرب کے دفاع کے لیے ضرورت پڑنے پر فوجی معاونت فراہم کرنے کی اجازت دے دی ہے۔

یہ فیصلہ ایسے وقت میں کیا گیا ہے جب یمن کے حوثی گروپ کے سعودی عرب پر میزائل اور ڈرون حملوں میں اضافہ ہوگیا ہے۔

پارلیمانی منظوری بند کمرہ اجلاس میں دی گئی، جہاں دو تہائی ارکان نے صدر السیسی کی درخواست کی حمایت کی۔

مصری آئین کے تحت بیرونِ ملک فوجی کارروائی یا جنگی مشن کے لیے پارلیمنٹ کی دو تہائی منظوری ضروری ہے۔

صدر السیسی پہلے ہی واضح کرچکے ہیں کہ مصر کی ممکنہ فوجی کارروائی صرف دفاعی نوعیت کی ہوگی۔ یعنی مصری افواج کا مقصد سعودی عرب کی سرزمین، سرحدوں، خودمختاری اور مقدس مقامات کا دفاع ہوگا، جبکہ یمن پر حملہ کرنے یا حوثیوں کے خلاف براہِ راست جارحانہ کارروائی کا ارادہ نہیں۔