امریکی ریاست فلوریڈا میں فلوریڈا اے اینڈ ایم یونیورسٹی کے قریب فائرنگ کے واقعے میں 11 افراد گولیوں کا نشانہ بن کر زخمی ہوگئے، جبکہ ایک اور شخص بھگدڑ کے دوران زخمی ہوا۔
پولیس نے واقعے میں 15 سالہ انتھونی ریورز سوم کو گرفتار کرلیا ہے۔
پولیس کے مطابق فائرنگ یونیورسٹی کے ہوم کمنگ فٹبال میچ کے اختتام کے بعد برَیگ میموریل اسٹیڈیم کے قریب ہوئی۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق وہاں موجود چند افراد کے درمیان جھگڑا ہوا جو بعد ازاں فائرنگ میں تبدیل ہوگیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ زخمی ہونے والے افراد میں سے بظاہر کوئی بھی حملہ آور کا اصل ہدف نہیں تھا۔ زخمی ہونے والے 11 افراد میں 6 نابالغ بھی شامل ہیں، جبکہ سب سے کم عمر زخمی کی عمر صرف 11 سال بتائی گئی ہے۔
کم از کم تین افراد کو شدید چوٹیں آئیں اور ایک کی حالت تشویش ناک بتائی گئی۔ ایک خاتون فائرنگ سے نہیں بلکہ جان بچانے کے لیے بھاگتے ہوئے زخمی ہوئی۔
پولیس نے نوجوان کو گرفتار کرکے اس کے خلاف 11 مرتبہ اقدامِ قتلِ ثانی اور اسلحہ رکھنے سے متعلق الزام عائد کیا ہے۔ استغاثہ نے اعلان کیا ہے کہ سنگین نوعیت کے الزامات کے باعث اسے بالغ ملزم کے طور پر مقدمے کا سامنا کرنا ہوگا۔ عدالت نے اسے حراست میں رکھنے کا حکم دیا ہے۔
پولیس چیف لارنس ریویل کے مطابق تفتیش جاری ہے اور مزید گرفتاریاں بھی ہوسکتی ہیں۔ حکام عوام کی جانب سے فراہم کی گئی موبائل ویڈیوز اور دیگر ڈیجیٹل شواہد کا جائزہ لے رہے ہیں تاکہ فائرنگ سے قبل ہونے والے جھگڑے اور واقعے میں ملوث دیگر افراد کا تعین کیا جاسکے.