آبنائے ہرمز میں بارودی سرنگ سے ٹکرا کر تیل بردار جہاز میں آگ لگ گئی، پاسداران انقلاب

جہاز اپنی نگرانی کا نظام بند کر کے ممنوع علاقے سے گزرنے کی کوشش کر رہا تھا کہ بارودی سرنگ سے ٹکراگیا؛ ایرانی فوج


ویب ڈیسک October 27, 2026
فوٹو: فائل

ایران کی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ آبنائے ہرمز سے گزرنے کی کوشش کے دوران ایک تیل بردار جہاز سمندری بارودی سرنگوں سے ٹکرا گیا جس کے نتیجے میں جہاز کو نقصان پہنچا اور اس میں آگ لگ گئی۔

ایرانی خبر رساں ادارے ارنا کے مطابق پاسداران انقلاب نے مزید بتایا کہ جہاز نے اپنی نگرانی کا نظام بند کر رکھا تھا اور ایران کی جانب سے ممنوع قرار دیے گئے خطرناک علاقے سے گزرنے کی کوشش کر رہا تھا۔

ایرانی فوج کے مطابق یہ واقعہ آبنائے ہرمز کے مشرقی حصے میں پیش آیا تاہم بیان میں جہاز کا نام، اس کے جھنڈے، عملے کی تعداد اور ممکنہ جانی نقصان سے متعلق تفصیلات نہیں بتائی گئیں۔

ایران آبنائے ہرمز پر کنٹرول کا دعویٰ کرتا ہے اور 28 فروری کو مشرق وسطیٰ میں جنگ شروع ہونے کے بعد سے اس کی اجازت کے بغیر گزرنے کی کوشش کرنے والے جہازوں کو نشانہ بنانے کے واقعات سامنے آتے رہے ہیں۔

ایرانی فوج ماضی میں بھی متعدد مرتبہ دعویٰ کرچکی ہے کہ تہران کی جانب سے ممنوع قرار دیے گئے بحری راستوں سے گزرنے والے تیل بردار جہاز سمندری بارودی سرنگوں سے ٹکرائے۔