برطانیہ میں امریکی فوجی اڈّے پر حملہ؛ ایران سے وابستہ 2 ملزمان کے نام سامنے آگئے

ملزمان میں 24 سالہ محمّد عبد الکریم اور 24 سالہ نعمان اسغیر شامل ہیں


ویب ڈیسک October 27, 2026
برطانیہ کے فوجی اڈے آر اے ایف فیئر فورڈ کے قریب سکیورٹی واقعے پر دو افرادِ جرم عائد (فائل فوٹو)

برطانوی حکام نے فوجی اڈے پر حملے میں ایران سے مبینہ تعلق رکھنے والے دو افراد پر قومی سلامتی کے قانون کے تحت فردِ جرم عائد کر دی۔

عالمی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق پولیس کا شُبہ ہے کہ ان میں سے ایک شخص نے برطانیہ میں ایرانی خفیہ ادارے کی مدد کی تھی۔

ملزمان میں 24 سالہ محمّد عبد الکریم پر الزام ہے کہ اس نے 31 اگست سے 28 ستمبر کے دوران غیر ملکی خفیہ ادارے کی ایسی مدد کی جو برطانیہ سے متعلق سرگرمیوں میں معاون ثابت ہو سکتی تھی۔

دوسرے ملزم 24 سالہ نعمان اسغیر پر اگست میں ایک ممنوعہ مقام میں ایسے مقصد کے تحت داخل ہونے کا الزام ہے جسے برطانیہ کے مفادات کے خلاف قرار دیا گیا ہے۔

یاد رہے کہ 27 ستمبر کو جنوب مغربی انگلینڈ میں واقع فضائی اڈے آر اے ایف فیئر فورڈ کے قریب حملے کی نیت سے موجود مشتبہ گاڑیوں کی اطلاع پر 5 افراد کو گرفتار کیا گیا تھا۔

پولیس کا کہنا تھا کہ ان گاڑیوں سے پیٹرول ملا تھا جسے حملے میں استعمال کیا جانا تھا تاہم تفتیشی حکام نے گاڑی سے آتش گیر یا دھماکا خیز مواد ملنے کی تردید کی تھی۔ بعد میں گرفتار افراد کو ضمانت پر رہا کر دیا گیا لیکن تحقیقات جاری رہیں۔

یہ اڈہ امریکی بمبار طیاروں کے ایران پر حملوں کے لیے استعمال ہوا تھا۔ سکیورٹی خدشات کے بعد امریکی طیارے وہاں سے واپس بلا لیے گئے۔

برطانوی پولیس کو شبہ ہے کہ اس معاملے میں ایرانی حکومت یا پاسداران انقلاب کا کردار ہو سکتا ہے تاہم ایران اس الزام کی تردید کرتا ہے۔