کراچی، فائرنگ کے واقعات میں لڑکی سمیت دو افراد زخمی

زخمیوں کو طبی امداد کے لیے عباسی شہید اسپتال منتقل کردیا گیا۔


یاسین جبلپوری October 28, 2026

کراچی:

شہر قائد کے مختلف علاقوں میں فائرنگ کے واقعات میں 17 سالہ لڑکی سمیت 2 افراد زخمی ہوگئے زخمیوں کو طبی امداد کے لیے عباسی شہید اسپتال منتقل کردیا گیا۔

نیو کراچی کے علاقے سیکٹر الیون ای میں ناگن چورنگی پیٹرول پمپ کے قریب فائرنگ سے 23 سالہ نوجوان خواجہ احد زخمی ہوگیا۔ چھیپا حکام کے مطابق نوجوان کو پشت پر گولی لگی، جسے فوری طبی امداد کے لیے عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا۔

ابتدائی اطلاعات کے مطابق واقعہ مبینہ طور پر ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر پیش آیا، جہاں ڈاکوؤں نے فائرنگ کرکے نوجوان کو زخمی کردیا۔ پولیس واقعے سے متعلق مزید معلومات حاصل کر رہی ہے۔

دوسری جانب لیاقت آباد نمبر 3 میں محمدی مسجد کے قریب ایک گھر میں پراسرار طور پر ہونے والی فائرنگ سے 17 سالہ لڑکی عائشہ زخمی ہوگئی، جسے عباسی شہید اسپتال منتقل کردیا گیا۔