روہڑی انٹر چینج کے قریب ایل پی جی ٹینکر میں دھماکا، دو افراد جاں بحق

دھماکا آبادی والے علاقے سے دور پیش آیا جس کی وجہ سے نقصان کم ہوا


ویب ڈیسک October 28, 2026

سکھر:

روہڑی انٹر چینج کے قریب ایل پی جی ٹینکر میں دھماکے کے نتیجے میں دو افراد جاں بحق جبکہ 4 زخمی ہوگئے۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق اطلاع ملنے پر حادثے کے مقام پر پولیس اور ریسکیو ٹیمیں پہنچیں، زخمیوں اور لاشوں کو تعلقہ اسپتال روہڑی اور سول اسپتال سکھر منتقل کیا گیا۔

ایدھی حکام کے مطابق حادثے میں جاں بحق 2 افراد کی شناخت نہیں ہو سکی جبکہ زخمیوں میں کوٹ سبزل کے فدا حسین، رحیم یار خان سے عمر حیات، فیصل آباد سے تعلق رکھنے والے محمد شاہد اور کامران علی شامل ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ٹینکر پنجاب سے آرہا تھا کہ روہڑی انٹر چینج کراس کرنے کے بعد دھماکا ہوگیا، دھماکا آبادی والے علاقے سے دور پیش آیا جس کی وجہ سے نقصان کم ہوا۔