پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) سندھ کے سینئر رہنما منظور وسان نے پیش گوئی کرتے ہوئے کہا ہے کہ موجودہ سیاسی حالات میں انہیں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان کے لیے اچھے دن نظر نہیں آرہے ہیں اور جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) کی احتجاجی تحریک بھی نظر نہیں آرہی۔
رہنما پی پی پی منظور وسان نے پارٹی کارکنان اور دیگر افراد سے ملاقات کے دوران مختلف امور پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان کے لیے مجھے کوئی اچھے دن نظر نہیں آرہے ہیں، یہاں اور بھی جماعتوں کے لیے کوئی اچھے دن نظر نہیں آرہے ہیں۔
منظوروسان نے کہا کہ اگر جے یو آئی کو احتجاج کرنا ہوتا تو اب تک کر چکی ہوتی، اگر کرتے تو اتنے دن نہیں لگتے، مجھے ان کی تحریک نظر نہیں آرہی ہے، ہوسکتا ہے آگے جا کر پھر دیکھیں۔
انہوں نے کہا کہ انہیں عمران خان اور ان کی جماعت سے امید نہیں تھی کہ وہ اتنی جلدی نئے صوبوں کی حمایت کا اعلان کردیں گے، سندھ کی اپنی ایک تاریخ اور شناخت ہے، اسے دیگر صوبوں کے ساتھ ملا کر نہیں دیکھا جاسکتا۔
ان کا کہنا تھا کہ سندھ کے عوام اور سندھ اسمبلی نئے صوبوں کے قیام کی تجویز پر اپنا فیصلہ سنا چکی ہے اور اس سے مسترد کر چکے ہیں، صوبوں کے نام تبدیل کرنا ملک کے لیے فائدہ مند نہیں ہے۔
منظور وسان نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں گورنر پیپلز پارٹی سے تعلق رکھتے ہیں تاہم گورنر راج نافذ کرنے کا فیصلہ وزیراعظم شہباز شریف نے کیا۔
پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے حوالے سے منظور وسان نے کہا کہ پیٹرول مہنگا ہونے سے ضروری اشیائے خورونوش سمیت دیگر اشیا کی قیمتوں میں اضافہ ہوجاتا ہے، حکومت پیٹرول پر عائد لیوی ختم کرکے عوام کو ریلیف فراہم کرے۔