مٹھی:
ننگرپارکر کے دیہی مرکز صحت دانوداندل میں کھڑی پی پی ایچ آئی ایمبولینس میں سلنڈر دھماکے اور آتشزدگی کے نتیجے میں جاں بحق افراد کی تعداد 8 ہوگئی جبکہ 5 سے زائد افراد زخمی ہیں۔
ریسکیو حکام کے مطابق واقعے کی اطلاع ملنے پر ریسکیو 1122 کی ٹیمیں اور فائر بریگیڈ کا عملہ جائے وقوعہ پر پہنچ گیا اور امدادی کارروائیاں شروع کردیں۔ زخمیوں کو فوری طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا۔
دھماکے کے بعد لگنے والی آگ کی وجہ سے ایمبولینس مکمل طور پر جل کر تباہ ہو گئی۔
ریسکیو انچارج کے مطابق واقعے میں شدید زخمی ہونے والا ایک شخص سول اسپتال مٹھی منتقل کیے جانے کے دوران راستے میں دم توڑ گیا، جس کے بعد جاں بحق افراد کی تعداد 8 ہوگئی۔
ابتدائی رپورٹ کے مطابق جاں بحق ہونے والے افراد میں اسحاق تھیبو، ڈینو میگھواڑ اور پنڌی راجڑ شامل ہیں، جبکہ دیگر افراد کی شناخت کا عمل جاری ہے۔ ریسکیو ٹیموں نے ایک شیرخوار بچے اور ایک خاتون سمیت متعدد زخمیوں کو بھی اسپتال منتقل کیا۔
اسسٹنٹ کمشنر ننگرپارکر کے مطابق انتظامیہ، محکمہ صحت، ریسکیو 1122 اور ٹاؤن حکام جائے وقوعہ پر موجود ہیں اور امدادی سرگرمیاں جاری ہیں۔ واقعے کی وجوہات اور دھماکے کی نوعیت سے متعلق مزید تفصیلات سامنے آنا باقی ہیں۔