لاہور:
ڈیفنس فیز 5 میں نجی گاڑی پر غیرقانونی گرین نمبر پلیٹس اور پولیس فلیشر لائٹس لگانے پر اسسٹنٹ ڈائریکٹر کے بھائی کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا۔
پولیس کے مطابق ڈی ایس پی محمد اشفاق کی نگرانی میں کارروائی کے دوران گاڑی کے ڈرائیور سے غیرقانونی گرین نمبر پلیٹس اور پولیس فلیشر لائٹس لگانے کی وجہ پوچھی گئی تو وہ طیش میں آگیا اور خود کو اسسٹنٹ ڈائریکٹر کا بھائی بتا کر رعب جھاڑنے کی کوشش کی۔
چیف ٹریفک آفیسر لاہور سید عبدالرحیم شیرازی کے نوٹس پر گاڑی سمیت ڈرائیور کو تھانے منتقل کیا گیا، جہاں تھانہ ڈیفنس بی میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کو دھوکا دینے سے متعلق دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا۔
سی ٹی او لاہور نے واضح کیا کہ نجی اور غیرمجاز گاڑیوں پر غیرقانونی گرین نمبر پلیٹس اور پولیس فلیشر لائٹس لگانے کی اجازت نہیں۔
نمبر پلیٹ میں ردوبدل یا شناخت چھپانے، خطرناک ڈرائیونگ، تیز رفتاری، زگ زیگ ڈرائیونگ اور ڈرفٹنگ سمیت انسانی جانوں کو خطرے میں ڈالنے والی سنگین خلاف ورزیوں پر چالان کے بجائے مقدمات درج کیے جائیں گے۔