پشاور اسکول سانحے کا ذمے دار کون؟ انکوائری رپورٹ گورنر پختونخوا کو پیش

متعلقہ محکموں کی جانب سے غفلت برتنے کے حوالے سے بھی گورنر فیصل کریم کنڈی کو آگاہ کیا گیا


خالد محمود October 29, 2026

پشاور:

پشاور اسکول سانحے کی انکوائری رپورٹ گورنر خیبر پختونخوا کو پیش کردی گئی، جس میں واقعے کے  ذمے دار کا تعین کردیا گیا۔

گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کی زیرِ صدارت دیر کالونی اسکول حادثے کی انکوائری رپورٹ سے متعلق اجلاس ہوا، جس میں حادثے کے ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی کی ہدایت کی گئی۔

اجلاس میں مشیر تعلیم عامر عبداللہ، چیف سیکرٹری ڈاکٹر فخر عالم عرفان، سیکرٹری تعلیم عنایت اللہ وسیم اور انکوائری کمیٹی کے اراکین نے شرکت کی۔ انکوائری کمیٹی نے گورنر فیصل کریم کنڈی کو دیر کالونی اسکول حادثے کی انکوائری رپورٹ پیش کر دی۔

گورنر فیصل کریم کنڈی کو حادثے کی وجوہات، متعلقہ افسران کے بیانات، محکموں کی ذمہ داریوں، انکوائری کمیٹی کے نتائج اور سفارشات پر بریفنگ دی گئی۔

انکوائری رپورٹ میں اسکول کی عمارت کی تعمیر میں ناقص میٹریل کے استعمال پر اسکول مالک کو ذمہ دار قرار دیا گیا۔

انکوائری رپورٹ میں متعلقہ محکموں کی جانب سے غفلت برتنے کے حوالے سے بھی گورنر فیصل کریم کنڈی کو آگاہ کیا گیا۔ گورنر فیصل کریم کنڈی نے ہدایت کی کہ انکوائری رپورٹ کے قانونی پہلوؤں کا جائزہ لینے کے لیے محکمہ قانون سے مشاورت کی جائے۔

گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے ہدایت کی کہ دیر کالونی اسکول حادثے کے ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے۔