مشرقِ وسطیٰ میں امن مذاکرات کی امید، عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں کمی

مشرقِ وسطیٰ میں جاری کشیدگی اور خطے سے تیل کی فراہمی متاثر ہونے کے خدشات اب بھی مارکیٹ پر اثرانداز ہو رہے ہیں


ویب ڈیسک October 29, 2026

عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی ہے کیونکہ مشرقِ وسطیٰ میں امن مذاکرات کی امیدوں نے خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی اور تیل کی ترسیل متاثر ہونے کے خدشات کو کسی حد تک کم کردیا ہے۔

خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق جمعرات کو خام تیل کی قیمتیں گزشتہ روز ہونے والے اضافے میں سے کچھ کمی کے ساتھ نیچے آگئیں۔ عالمی معیار سمجھے جانے والے برینٹ کروڈ کے مستقبل کے سودوں کی قیمت 1.22 ڈالر، یعنی 1.1 فیصد کم ہوکر 114.10 ڈالر فی بیرل ہوگئی۔

امریکی ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ (ڈبلیو ٹی آئی) خام تیل کی قیمت بھی 1.33 ڈالر، یعنی 1.3 فیصد کمی کے بعد 101.45 ڈالر فی بیرل پر آگئی۔

اس سے ایک روز قبل بدھ کو برینٹ کروڈ کی قیمت میں 1.3 فیصد جبکہ ڈبلیو ٹی آئی کی قیمت میں 3 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا تھا۔

رائٹرز کے مطابق قیمتوں میں حالیہ کمی کی ایک اہم وجہ امن مذاکرات کے امکانات ہیں، تاہم مشرقِ وسطیٰ میں جاری کشیدگی اور خطے سے تیل کی فراہمی متاثر ہونے کے خدشات اب بھی مارکیٹ پر اثرانداز ہو رہے ہیں۔

عالمی توانائی کی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں کا انحصار خطے کی سکیورٹی صورت حال، تیل کی رسد اور سفارتی پیش رفت پر ہے۔ اگر کشیدگی میں اضافہ ہوتا ہے یا تیل کی ترسیل متاثر ہوتی ہے تو قیمتوں پر دوبارہ دباؤ بڑھ سکتا ہے، جبکہ مذاکرات میں پیش رفت رسد سے متعلق خدشات کم کرنے میں مدد دے سکتی ہے۔