یوکرین کے شہر ڈنیپرو میں ریلوے اسٹیشن پر روس کے ڈرون حملے میں کم از کم 13 افراد ہلاک اور 10 زخمی ہوگئے جب کہ 3 زخمیوں کی حالت نازک ہونے کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق یوکرین کے سرکاری ریلوے کی صبح جیٹ انجن سے چلنے والے ڈرون نے ریلوے اسٹیشن کے اس پلیٹ فارم کو نشانہ بنایا جہاں زاپوریزیا جانے والی مسافر ٹرین کھڑی تھی۔
یوکرین کے ریلوے نے حملے سے قبل خطرے کی سطح بڑھنے کا انتباہ بھی جاری کیا گیا تھا تاہم اس کے باوجود پلیٹ فارم پر مسافر موجود رہے اور ہلاکتیں زیادہ ہوئیں۔ زخمیوں کو اسپتال منتقل کردیا گیا۔
یوکرین کے صدر وولودیمیر زیلنسکی نے حملے کو ہولناک قرار دیتے ہوئے امریکا، یورپی ممالک اور صنعتی ممالک کے گروپ جی-7 سے روس کے خلاف مزید سخت پابندیاں عائد کرنے کا مطالبہ کیا۔
انھوں نے روسی توانائی کے شعبے اور بعض روسی ارب پتیوں پر پابندیوں میں نرمی پر بھی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ روس کی جانب سے حملوں میں اضافے کے پیش نظر ماسکو اور اس کی جنگی مشینری پر دباؤ بڑھانا ضروری ہے۔ ۔
ڈنیپرو کے میئر بوریس فلاتوف نے بھی واقعے کو شہر کے لیے بڑا سانحہ قرار دیا۔
یوکرینی ریلوے حکام کے مطابق رواں سال روسی حملوں میں ریلوے اسٹیشنوں، انجنوں اور مسافر ڈبوں سمیت 1700 سے زیادہ ریلوے تنصیبات کو نشانہ بنایا جا چکا ہے۔